Live Updates

عوام نے ن لیگ اور پی پی پی کو آزما کر دیکھ لیا ، ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں لا سکتا،چوہدری سرور

لوگ بھوک سے خودکشیاں اور حکمران میٹرو منصوبے پر اربوں روپے ضائع کر رہے ہیں ، ہمیں موقع ملا تو پنجاب کے وسائل برابری کی سطح پر تقسیم کریں گے، پانچ دسمبر کو عوام گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگا کر دھاندلی کو شکست دیں، راولپنڈ ی میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کے امیدوار کے انتخابی جلسہ سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 23:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام نے ن لیگ اور پی پی پی کو آزما کر دیکھ لیا ، ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں لا سکتا۔ ملکی حالات دیکھ کر گورنر پنجاب کا عہدہ چھوڑا۔ تحریک انصاف کی جدوجہد پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے لئے ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے بدمعاشی اور غنڈہ گردی کا کلچر ختم کرنا ہو گا۔ لوگ بھوک سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور حکمران میٹرو منصوبے پر اربوں روپے ضائع کر رہے ہیں۔ لاہور میں ٹرین منصوبے پر 200 ارب روپے لگائے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام امن اور خوشحالی چاہتے ہیں ، ہمیں موقع ملا تو پنجاب کے وسائل برابری کی سطح پر تقسیم کریں گے۔

(جاری ہے)

پانچ دسمبر کو عوام گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگا کر دھاندلی کو شکست دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیو ملپور سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی یونین کونسل 19 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کے امیدوار رانا سہیل احمد کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر امیدواروں سمیت سینئر پارٹی رہنما فوزیہ قصوری ، زاہد حسین کاظمی ، راجہ راشد حفیظ ، ابرار الحق ، فیاض الحسن چوہان ، فرح آغا ، اظہر میر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

چوہدری سرور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملک کا حال یہ ہے کہ چور ڈاکو ملک میں دندناتے پھرتے ہیں اور غریب عوام دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حلف اٹھا کر کہتا ہوں کہ اسی ناانصافی کی وجہ سے گورنر پنجاب کا عہدہ چھوڑا اور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا کیونکہ پی ٹی آئی کی جدوجہد پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے لئے ہے۔ میرا سیاست میں 40 سال کا تجربہ ہے۔

پٹواریوں کے سر پر بننے والی حکومتیں عوام کی خدمت نہیں کر سکتیں۔ لوگ بھوک کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور غریب کے باعث جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکمران میٹرو جیسے منصوبے پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ہمیں موقع ملا تو پنجاب کے وسائل برابری کی سطح پر تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دسمبر کو عوام اپنے گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگا کر تبدیلی و نئے پاکستان کی راہ ہموار کریں۔

جلسے تحریک انصاف کی مرکزی رہنما فوزیہ قصوری ، زاہد حسین کاظمی ، ابرار الحق ، فیاض الحسن چوہان ، راجہ راشد حفیظ ، یونین کونسل 19 سے چیئرمین کے امیدوار رانا سہیل احمد نے بھی خطاب کیا۔ رانا سہیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہو چکے ہیں اور ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ پانچ دسمبر کو کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات