Live Updates

عمران خان ،اسد عمر اورپی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدواروں سمیت 200کارکنوں کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی پر مقدمات درج

ہفتہ 28 نومبر 2015 00:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، رکن قومی اسمبلی اسد عمراور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدواروں سمیت 200کارکنوں کے خلاف دفعہ 144، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اورالیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ترامڑی چوک میں انتخابی جلسہ کیا،جس کے بعد اسلام آباد کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سمیت بلدیاتی امیدواروں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر مشاورت کی، مشاورت کے بعد تھانہ شہزاد ٹاؤن، سیکرٹریٹ، آئی نائن اور کوہسار سمیت مختلف تھانوں میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اسد عمراور تحریک انصاف کے بلدیاتی امیدواروں سمیت 200کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں دفعہ 144، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے تحت کوئی بھی رکن قومی اسمبلی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بھرپور کوشش کی اور عمران خان کا اسلام آباد میں جلسہ رکوانے کیلئے کئی حربے بھی استعمال کئے تاہم اس کے باوجود تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان انتظامیہ کی تمام تر رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچ گئے اور جلسے سے خطاب کیا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن پر کڑی تنقید کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات