ایف بی آر سیلز ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کرے،زاہد سعید

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) سیلز ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ایک جانب لاکھوں روپے اشتہارات دیئے لیکن باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے اقدامات سے گریز کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ تاجرو صنعت کار برادری نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ وہ ٹیکس جمع کروا کر ریونیو بڑھانے کی کوشش کی ہے لیکن سیلز ٹیکس ریٹرنز کیلئے بنائے گئے پیچیدہ نظام کے باعث انھیں بر وقت ٹیکس کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل سے کئی ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا غائب ہوجانے کی وجہ سے متعدد ٹیکس دہندگان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ ایف بی آر کے ساتھ تعاون کیا ہے لیکن ایف بی آر حکام یقین دہانیوں کے بعد عملی اقدامات نہیں کرتے جس کے باعث کاروباری برادری کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے تشہیر مہم چلائی جاتی ہے لیکن باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے تاجر و صنعت کاروں کے مسائل حل کرنے میں پس و پیش سے کام لیا جاتا ہے، انھوں نے کہا کہ کئی مرتبہ ایف بی آر سے مطلوبہ معلومات حاصل کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے اور ان کے دفاتر میں فون سننے والا کوئی نہیں ہوتا ۔

زاہد سعید نے کہا ہمیں توقع ہے کہ ایف بی آر کے نئے چیئرمین نثار محمد خان جلد ان مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں گے، زاہد سعید نے یہ بھی کہا کہ باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے والے ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کی جائیں تو ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے میں بھی اس سے مدد ملے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن نئی کمپنیوں کو ایف بی آر سے این ٹی این حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کی راہ میں بھی رکاوٹ ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :