بھارت میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:30

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) بھارت میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو نئی دہلی میں راشٹر پتی بھون میں ہونے والی تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف پبلشر اور ملیالم منوراما کے سابق ایڈیٹر کے ایم میتھیو کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لیے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو تقریباً 10 روز قبل دعوت نامہ بھیجا گیا تھا ، تاہم جمعرات کو رات گئے انہیں فون کر کے انہیں بتایا گیا کہ ان کا دعوت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے اور سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معذرت بھی نہیں کی گئی۔

ہائی کمشنر عبدالباسط نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ان کا دعوت نامہ واپس لینے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہائی کمشنر کو ایوان صدرمیں مدعو کرنے سے قبل دفتر خارجہ کی اجازت لینا ضروری ہوتا ہے لیکن عجلت میں ایسا نہیں ہو سکا اس وجہ سے ان کا دعوت نامہ واپس لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :