بھارتی ڈیف کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران شیخ کچوریاں بیچنے پر مجبور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 نومبر 2015 12:39

بھارتی ڈیف کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران شیخ کچوریاں بیچنے پر مجبور

وڈوڈارا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 28نومبر- 2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ اور مودی سرکار کی جانب سے کوئی مالی امداد نہ ملنے کے باعث ڈیف کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران شیخ نے کچوریاں بیچنا شروع کر دیں ۔ 30سالہ عمران شیخ کے مطابق کرکٹ ان کی زندگی ہے لیکن محض کرکٹ کھیلنے سے ان کا گھر نہیں چل پار ہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے اپنی اہلیہ روزا کی مدد سے ایک ہفتے قبل سڑک کنارے کچوریاں بیچنا شروع کی ہیں جب کہ ان کے کوچ نتیند رسنگھ کے ذریعے انہیں گجرات ریفائنری میں بھی کام مل گیا ہے ۔

6فٹ کے عمران شیخ نے 2005ء کے ورلڈ کپ میں نیپال کے خلاف 70،نیوزی لینڈ کیخلاف 60اور پھر پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں میچ وننگ 62رنز بنا کر بھارتی ڈیف ٹیم کو فائنل میں پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف فائنل مقابلے میں انہوں نے 40رنز سکور کرنے کے بعد وکٹیں حاصل کر کے بھارت کو ڈیف ورلڈ کپ کا ٹائٹل جتوانے میں انتہائی اہم کردار اداکیا ۔

(جاری ہے)

عمران نے رواں برس اپریل میں ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھارتی ڈیف ٹیم کی قیادت کی تاہم اس کے بعد انہیں ٹیم میں جگہ نہ مل سکی جس کی وجہ سے انہیں کچوریاں بیچنے پر مجبور ہونا پڑا ۔

عمران شیخ کے کوچ نتیندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی باصلاحیت کرکٹر ہیں اور اگر انہوں نے اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے مستقل طور پر اس کھیل کو خیر آباد کہا تو یہ ان جیسے کھلاڑیوں کے لیے بدقسمتی کی بات ہوگی ۔ عمرا ن کی اہلیہ روزا کے مطابق انہیں اپنا آبائی گھر بھی چھوڑنا پڑا ہے اور اگر حکومت انہیں کچوریاں بیچنے کے لیے کوئی مستقل دکان دلوا دے تو وہ اسکے شکر گزار ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :