باکسنگ کی تاریخ کا بڑا مقابلہ‘ دنیا کے دو خطرناک ہیوی ویٹ باکسر کل مدمقابل

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:44

باکسنگ کی تاریخ کا بڑا مقابلہ‘ دنیا کے دو خطرناک ہیوی ویٹ باکسر کل ..

ڈسل ڈورف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) باکسنگ کے دیوانوں کے لئے آج ایک بڑا دن ہے کیونکہ یوکرائن کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن ولادی میر کلٹشکو اور برطانیہ کے ٹائسن فیوری کل باکسنگ رنگ میں مدمقابل ہوں گے۔ ٹائسن فیوری نے ولادی میر کو ان کی ڈبلیو بی او‘ ڈبلیو بی اے‘ آئی بی او اور آئی بی ایف ہیوی ویٹ بیلٹس کے لئے چیلنج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمن شہر ڈسل ڈورف کے ایسپرٹ ایرینا میں ایک طرف ہوں گے ڈاکٹر سٹیل ہیمر کے نام سے معروف انتالیس سالہ ولادی میر کلٹشکو جنہیں ناک آوٹ ایکسپرٹ اور دنیا کا عظیم ترین باکسر بھی کہا جاتا ہے۔ ساڑھے چھے فٹ کے ولادی میر سپورٹس سائنسز میں پی ایچ ڈی کے حامل، گیارہ سال سے ناقابل شکست، سڑسٹھ ہیوی ویٹ مقابلوں اور پچیس ٹائٹل فائٹس کے فاتح ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ہیں چھے فٹ نو انچ کے ستائیس سالہ ٹائسن فیوری جن کا نام مائیک ٹائسن کے نام پر رکھا گیا اور وہ انہی کی طرح جذباتی، متنازع اور منفرد شخصیت کے حامل ہیں۔ کیریئر کے تمام چوبیس مقابلے جیتنے والے ٹائسن نے اپنی ہی جیت پر تین لاکھ ڈالر کی شرط بھی لگا رکھی ہے۔ یہ فائٹ باکسنگ کی تاریخ کے چند مہنگے مقابلوں میں سے ایک ہے۔ ٹائسن فیوری کو اس سے 75 لاکھ جبکہ ولادی میر کلٹشکو کو دو کروڑ تئیس لاکھ ڈالرز ملیں گے۔