باغبان ترشاوہ پھلوں کی اقسام فیوٹرل ارلی، موسمی ، ریڈ بلیڈ ہنی ، میڈرین، شمبراور ڈنکن وغیرہ کی برداشت دسمبر کے آخر تک مکمل کریں،محکمہ زراعت پنجاب

پھل کی برداشت سے پہلے اس کی پختگی کا یقین کرلیں جو بعدازبرداشت کوالٹی کے لیے بہت اہم ہے، ترجمان

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو سفارش کی ہے کہ وہ پھل کی برداشت سے پہلے اس کی پختگی کا یقین کرلیں جو بعدازبرداشت کوالٹی کے لیے بہت اہم ہے ۔باغبان ترشاوہ پھلوں کی اقسام فیوٹرل ارلی، موسمی ، ریڈ بلیڈ ہنی ، میڈرین، شمبراور ڈنکن وغیرہ کی برداشت دسمبر کے آخر تک مکمل کریں۔

پھل کو اس وقت توڑیں جب ان میں میٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو اور پھل اپنے معیاری وزن کو پہنچ جائے ۔ترشاوہ پھل کو قینچی یا کلپرکی مدد سے پھل کے بالکل قریب سے کاٹیں اور ڈنڈی کا سائز چھوٹا رکھیں ۔اگر پھل پودوں پراونچے لگے ہوں تو سیڑھی کا استعمال کریں ۔پھل کو توڑنے کے بعد کپڑے کے تھیلوں میں ڈال لیں۔

(جاری ہے)

ایک تھیلے کے اندر 12سے15کلو گرام وزن ڈالیں۔

پھل کو زیادہ مت دبائیں تاکہ اس کی مضبوطی متاثر نہ ہو۔ پھل کی برداشت صبح کے وقت کریں اور برداشت کے بعد پھلوں کو خشک اور سایہ دار جگہوں پر رکھیں۔دوران برداشت پھل کو گرنے یا ٹہنیوں سے زخمی نہ ہونے دیں ۔ برداشت کے بعد پھل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے پلاسٹک کے فیلڈ بکس استعمال کریں۔پھل کو ڈبوں میں ڈالنے سے پہلے بیماری یا کیڑوں سے متاثرہ اور خراب پھل کو الگ کرلیں ۔

پھل کو پیکنگ سے پہلے اچھی طرح دھوئیں کیونکہ اگرپھل گرد آلو دہو تو اس کے جلدی گلنے سڑنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ پھل کو کسی نرم کپڑے سے اچھی طرح صاف کرلیں اور چھلکے پر سیاہ یا خاکی رنگ کے داغ زیادہ مقدار میں ہونے کی صورت میں پوٹاشیم پرمیگنیٹ کے ماحول سے نرم برش کے ساتھ دھوکر خشک کرلیں ۔پھل کی صفائی کے بعد اس کی درجہ بندی کرلیں ۔ ایک کریٹ میں ایک ہی قسم ، ایک ہی قسم ، سائز ، معیار اور ایک ہی وقت توڑے گئے پھل کو پیک کرکے فروخت کے لیے منڈی میں بھیج کر زیادہ آمدن حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :