آل پاکستان جیم مرچنٹ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بھارتی جیولری کی دسمبر میں نمائش کیخلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیدی

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء ) آل پاکستان جیم مرچنٹ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سارک ینگ ٹریڈرز اور وویمن انٹرپرینورز کی آڑ میں بھارتی جیولری کی دسمبر میں نمائش کیخلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیدی ۔ رہنما ؤں نے کہا کہ 100ڈالر والا سٹال انڈیا میں ایک ہزار میں بک کیاجارہا ہے، حکومت جیولری کی صنعت کو بچائے، بھارتی تاجر آئے تو ایکسپو کے سامنے دھرنادیاجائیگا۔

عہدیداران مظہر سعید، شیخ معین الدین، شہزاد اقبال، رضوان شمسی، میاں طارق فیروز، ودیگر نے کہا کہ ایکسپو سینٹر لاہور میں 4تا 6دسمبر سارک ینگ ٹریڈرز اور وویمن انٹرپرینورز کی نمائش کی آڑ میں بھارتی جیولری کی نمائش منعقد ہورہی ہے، اس نمائش میں بھارتی زیورات کی صنعت اور ان کے پاکستانی ایجنٹوں کی ملی بھگت سے 9اور14کیرٹ کے غیر معیاری زیورات انتہائی مہنگے داموں پر پاکستانی امراء کو فروخت کئے جائیں گے، بھارتی جیولر مافیا تمام سامان پاکستانی وی آئی پی پروٹوکول کے ذریعے بغیر کسٹم اورسیلز ٹیکس ادا کئے پاکستانی خریداروں کو بیچنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

تمام بلیک منی کو ہنڈی کے ذریعے غیر ملکی کھاتوں میں منتقل کردیاجائیگاجیسا کہ پچھلے سال بھی نمائش کے موقع پر کیاگیاگیا تھا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایک ارب ایکسپورٹ والی جیولری کی صنعت صرف دو سال میں ہی دو سو ملین پر آگئی ہے ، دس لاکھ سے زیادہ لوگ پاکستان میں اس صنعت سے وابستہ ہیں لیکن حکومت کو اس کا ادراک نہیں ہے۔ ایکسپو سینٹر میں ہونیوالی جیولری نمائش پر ہمارے تحفظات ہیں کیونکہ یہ جیولری کی نمائش ہے ہی نہیں ۔ ہم نے ارباب اختیار چیمبرز، وفاقی وزراء سب کوخط لکھے لیکن کسی کے پاس جواب دینے کا وقت نہیں ہے اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ باہمی مشاورت سے علامتی ہڑتال کرینگے اور نمائش کے موقع پر ایکسپوسینٹر کے باہر دھرنا دینگے۔