نفرتیں اور تعصبات کو مٹا کر آزاد خطے میں مدینے کی طرز پر ماڈل اسلامی ریاست قائم کریں گے،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:03

کوٹلی /کھوئی رٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ نفرتیں اور تعصبات کو مٹا کر آزاد خطے میں مدینے کی طرز پر ماڈل اسلامی ریاست قائم کریں گے،جماعت اسلامی کے کارکن لنگوٹ کس کر سروں سے کفن باندکرنکلیں،غریبوں کاخون چوسنے اور ان کے منہ سے نوالہ تک چھینے والے فرسودا نظام کے خلاف جہاد کے لیے نکلیں،اس نظام اور قیادت کے ہوتے ہوئے ہمارے مسائل قیامت تک حل نہیں ہوسکتے ان کوبدلنا ہوگا اور اس کو بدلنے کے لیے جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے،40سال گزر گئے آبادی میں اضافے کے باوجود انتخابی حلقوں میں اضافہ نہیں ہوا،کوٹلی کے عوام کے مطالبے سمیت جہاں بھی آبادی کی بنیادپر حلقوں کی ضرورت ہے حلقوں میں اضافہ کیا جائے،جماعت اسلامی کوٹلی کے عوام کے مطالبے کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے،مظفرا ٓبا اوراسلام آباد نے عوام کے ضمیرخریدنے کی کوشش کی تو چھٹی کا دودھ یاد کروائیں گے،مودی اور اس کی قابض فوج کو مقبوضہ کشمیرسے بھگائیں گے اور آزاد خطے سے انگریزوں کے غلاموں اور ان کے فرسودا نظام کے محافظوں کو بھگاکر دم لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام کوٹلی ریسٹ ہاؤس میں کوٹلی آل پارٹیز حلقہ بناؤ تحریک کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں ضلعی امیرجماعت اسلامی اور کوآرڈینیٹر آل پارٹیز حلقہ بناؤ تحریک عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ، مسلم لیگ کے راہنما خورشید احمد قادری ایڈووکیٹ، سابق امیدوار اسمبلی محمد یوسف ملک ، چےئرمین متحدہ ایکشن کمیٹی لیاقت حسین مغل ایڈووکیٹ، تحریک انصاف کے مرکزی راہنما خواجہ عطامحی الدین قادری ایڈووکیٹ، میڈیا سیکرٹری سیّدمظہر حسین کاظمی ایڈووکیٹ، کیپٹن (ر) چوہدری صدر الدین ، مسلم کانفرنس کے سابق چےئرمین بلدیہ سردار فیض احمد چغتائی، محمدخالد مرزا، راجہ غلام محمود، پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار اسمبلی سردار آفتاب انجم ایڈووکیٹ، خواجہ نصیر احمد راٹھور ایڈووکیٹ، محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی کے نائب امیر محمود الحسن چوہدری ایڈووکیٹ، سابق کونسلر چوہدر ی جمیل احمد، زاہد الحسن چوہدری ایڈووکیٹ، معروف قانون دان ظہیر بابر چغتائی ایڈووکیٹ، ملک ضرار دانش ، راجہ رضوان گلزار ، ملک محمد اسلم، معروف صحافی شہزاد احمد راٹھو ر،

لبریشن فرنٹ کے راہنما صدیق راٹھور، راجہ ریاست خان (ر) ایس سی، ملک علی احمد جان سمیت دیگر راہنماموجود تھے۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی محمود الحسن چوھدری،امیر ضلع عبدالحمید چوھدری ،سابق امیر ضلع حبیب الرحمان آفاقی ایڈووکیٹ اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا،ا س موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیرتمام جماعتوں کی مشاورت سے چیف الیکشن کمشنرکا تقرر کرے اور نادرا ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کروائے ،لاکھوں بوگس ووٹ درج ہیں جو جعلی طریقے سے پول کر کے جعلی مینڈیٹ دیا جاتا ہے ،دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور ہم ابھی تک نمائندے منتخب کرنے کے عمل کو درست نہ کرسکے،جماعت اسلامی اس بار جعلی مینڈیٹ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور اگر کوشش کی گئی تو اس کے خلاف جہاد کا اعلان کرے گی،جعلی نمائندے قومی دولت کو لوٹتے ہیں ان کی نظر عوامی مسائل کے حل پر نہیں بلکہ اپنی دولت میں اضافہ کرنے پر ہوتی ہے اور اپنے چند عزیزوں کو نوکریاں دے کر پورے کشمیرکے نوجوانوں کاقتل کرتے ہیں،جماعت اسلامی یہ نہیں ہونے دے گی،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ مظفرا ٓباد اسلام کی حکومتیں عوام کے ضمیرخریدنے کی کوشش کریں گی تو جماعت اسلامی سخت مزاحمت کرے گی،کشمیرکی کونسل کی سکمیں عوام کا حق ہے اور ان کو ملنی چاہیے اور اس موقع پر بندر بانٹ کرنا حکومت پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے،انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطے کی سیاسی قوت ہے عوام ساتھ دیں تو تبدیلی لاکردکھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :