Live Updates

بلدیاتی انتخابات میں عوام نے (ن) کو خدمت کا ووٹ دیا ،عمران خان حسد کی آگ میں مبتلا ہیں‘ سعد رفیق

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو خدمت کا ووٹ دیا ،عمران خان حسد کی آگ میں مبتلا ہیں ،پرویز مشرف اور آصف زرداری نے کام کیا ہوتا تو ملک میں بجلی کا بحران نہ ہوتا، موجودہ حکومت اس سے نمٹنے کے لئے دن رات کوشاں ہے انشا اللہ 2017ء کے آخر تک بجلی کا بحران ختم ہو جائے گا ،بھارت میں انتہا پسند جماعت کی حکومت نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا،بھارت کو پاکستان دشمن پالیسیاں ترک کرنی چاہئیں،حکومت نئے تعلیمی ادارے بنا کر اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے،والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زیر تعلیم سے آراستہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہنگ خورد میں گرلز سکول کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے ، کراچی میں حالات بہتر ہو رہے ہیں اور اس کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا دھرنا ناکام ہوا ، انہیں سوچنا چاہیے کہ ان کی مہم کیو جہ سے انتخابات کے نتائج پرکوئی اثر نہیں پڑتا ۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کو خدمت کا ووٹ دیا ۔ عمران خان صرف حسد کی آگ میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں انتہا پسند جماعت کی حکومت نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا،مودی ا ور اس کے ساتھیوں نے دشمنوں سے بھی زیادہ بھارت کو نقصان پہنچایا۔

پاکستان جنگ کا حامی نہیں اورخطے میں ڈیڑھ ارب انسانوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے ،پاکستان کی طرح بھارت کو بھی اس خطرے کا احساس ہونا چاہیے،بھارت کو پاکستان دشمن پالیسیاں ترک کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کرکٹ سیریز کھیلنا چاہتا ہے تو پاکستان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات