یمن کے وسطی شہر تعز میں الراھدہ اور الشریجہ کے مقامات پر اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں کے فضائی حملے

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:55

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) یمن کے وسطی شہر تعز میں الراھدہ اور الشریجہ کے مقامات پر اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں نے بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تعز کی ثعبات کالونی، القصر ری پبلیکن محل، کلابہ، الاربعین، الزنوج اور جبل جرہ میں باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔

عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن میں سرگرم عوامی مزاحمتی فوسز کے سربراہ نے کہا ہے کہ انہوں نے الراھدہ کے مقام پر حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی اہم مقامات پر حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے اور حکومت نواز قوتیں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

الشریجہ اور الراھدہ کے محاذوں پر مزاحمتی فورسز کا پلڑا بھاری ہے اور وہ دشمن کو شکست دیتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تعز کے بعض ٹیلوں اور پہاڑی علاقوں میں حوثی باغیوں نے اپنے چھاپہ مار دستے تعینات کر رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے الراھدہ کو ملانے والی سڑکوں کو جگہ جگہ سے اکھاڑ دیا ہے اور پلوں کو دھماکوں سے اڑا یا جا رہا ہے تاکہ الراھدہ سے حکومتی فورسز کی پیش قدمی روکی جا سکے۔ حکومتی عہدیدار کاکہنا تھا کہ فوج نے الراھدہ کے بند راستے کھولنے کا پلان تیار کرلیا ہے تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی ہے۔

ادھر باب المندب بندرگاہ کے قریبی علاقے ذباب میں علی صالح اور حوثی باغیوں کی حکومت نواز فورسز کے ساتھ خوفناک لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں۔ باغیوں نے چند روز قبل ذباب کے مقام پر المعری فوجی کیمپ کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے حملہ کیا تھا تاہم اس میں ناکامی کے بعد باغیوں نے دوسرے ٹھکانوں پر حملے تیز کر دیے ہیں۔مآرب شہر میں بھی اتحادی ممالک کے طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو بمباری سے نشانہ بنایا ہے۔

مآرب میں جبل ھیلان پرمتمرز حوثی باغیوں،مغربی مآرب کی صرواح گورنرسیکرٹیریٹ اور دیگر مقامات پر اتحادی طیاروں نے جمعہ کے روز متعدد حملے کیے ہیں۔دارالحکومت صنعاء سے ایک عسکری ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ حوثی باغیوں نے حکومتی فورسز کے حملوں کے پیش نظر سیکڑوں نئے جنگجو اور تازہ دم دستے تعینات کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :