گورنمنٹ گرلزہائی سکول اندرلہ کٹہڑہ کو انٹر کالج کا درجہ ملنے پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:33

کوٹلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء)گورنمنٹ گرلزہائی سکول اندرلہ کٹہڑہ کو انٹر کالج کا درجہ ملنے پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ تعلیمی پیکج کی منظوری پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیر تعلیم مطلوب انقلابی اوروزیر خزانہ لطیف اکبر کو خراج تحسین ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ تعلیمی پیکج میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اندرلہ کٹہڑہ کو انٹر کالج کا درجہ دے دیا گیاہے جس پر اندرلہ کٹہڑہ کی مقامی شخصیات کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس سے مرزا کرمداد ، مرزا محمد یعقوب ، راجہ عجائب خان ، صوبیدار اسلم ، راجہ صغیر ، راجہ محمد اکرم ، رفیق مغل ، چوہدری اعظم، خادم حجام اور مقبول حجام اور قاری شاہد سلطانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بچیاں طویل سفر کر کے کھوئی رٹہ گر لز کالج میں جاتی تھیں ۔

(جاری ہے)

جو بچیاں طویل سفر اور اخراجات برداشت نہ کر سکتیں وہ تعلیم سے محروم ہو جاتیں ۔

ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا کہ گرلز ہائی سکول اندرلہ کٹہڑہ کو انٹرکالج بنا یا جائے ۔ حالیہ تعلیمی پیکج میں ہمارا مطالبہ پورا کر دیا گیا ۔ جس پر عوام علاقہ میں خوشی کے جذبات پائے جاتے ہیں ۔ انھوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیر تعلیم مطلوب انقلابی اور وزیر خزانہ لطیف اکبر کو خراج تحسین پیش کیا کہ انھوں نے ریاست کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی پیکج دیا جس پر ریاست بھر کے عوام انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ مطلوب انقلابی نے کھوئیرٹہ میں تاریخی نوعیت کے کام کئے ۔ کھوئیرٹہ کے عوام آئندہ الیکشن میں انھیں ایک بار پھر ووٹ کے ذیعے اُن کے احسانات کا بدلہ چکائیں گے ۔