مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر راکٹ حملہ، 2 اہلکاروں سمیت3افراد ہلاک،14 زخمی،بان کی مون کی مذمت

کیدال میں قائم فوجی اڈے کو چار سے پانچ راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا،اقوام متحدہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 17:59

بماکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر راکٹ حملے کے نتیجے میں2 اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک اور14 زخمی ہوگئے ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر راکٹ سے حملہ ہوا ہے جس میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہفتہ کو مالی میں ہونے والے حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کیدال کے علاقے میں ہونے والے اس حملے میں ایک کنٹریکٹر بھی ہلاک ہوا ہے۔مالی میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے ترجمان نے بتایا کہ کیدال میں قائم فوجی اڈے کو چار سے پانچ راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے میں کم سے کم 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے امن مشن پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔مالی میں اقوام متحدہ کا امن دستے کی تعیناتی کی منظوری 2014 میں اْس وقت دی گئی تھی جب ملک کے شمالی علاقے میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے زور پکڑنا شروع کیا تھا۔مالی فرانس کی نو آبادیات رہ چکی ہے اور فرانس نے ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی افواج بھی بھیجی ہے۔مالی کے دارالحکومت باماکو میں گذشتہ دونوں امریکی ہوٹل پر اسلامی شدت پسندوں نے حملہ کر کے غیر ملکی مہمانوں اور عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا گیا اور اس حملے میں مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کم سے کم 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔