پیپلز پارٹی نہ ہوتی تو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی ہوتے، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی نے ملک میں بنیادی انسانی حقوق اور عوام کے مسائل کا ایجنڈا دیا،وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر صاحبزادہ ذوالفقار

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) نور پورشاہاں بری امام یونین کونسل نمبر 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین راجہ منظر علی کیانی ایڈووکیٹ کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی نہ ہوتی تو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخاب غیر جماعتی ہوتے اور یہ ادارے شاید اتنے بااختیار نہ ہوتے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دورحکومت میں ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا ، لاکھوں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا اور روزگار دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہی ہے اور متاثرین کی آبادکاری کیلئے ماڈل ویلج سکیم پیپلز پارٹی کے دور کے فیصلے ہیں، کچی آبادیوں کو آئین کے تحت تحفظ ملنا چاہئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر مملکت ملک عظمت خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ملک میں تبدیلی لانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،کے پی کے میں حالات بدستور قابل رحم ہیں، اِس ملک کو اگر پیپلز پارٹی 1973 کا آئین نہ دیتی تو آج نچلی سطح پر بلدیاتی انتخابات اور بنیادی حقوق کی بات نہ کی جاتی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر صاحبزادہ ذوالفقار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں بنیادی انسانی حقوق اور عوام کے مسائل کا ایجنڈا دیا اور آج بھی لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف دیکھتے ہیں،موجودہ حکومت نے ملک میں استحصالی نظام کو فروغ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی ضلع اسلام آباد کے صدر سبط حیدر بخاری ، سابق صدر سٹی اسلام آباد بابر منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت خسارے کے پراجیکٹ لگا کر عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے، میٹرو بس خسارہ کا پراجیکٹ ہے جبکہ اسلام آباد کے سکولوں اور ہسپتالوں کے لئے کوئی ترقیاتی پراجیکٹ نہیں۔

نورپور شاہاں یونین کونسل میں پیپلز پارٹی کے نامزد چیئرمین راجہ منظر علی کیانی نے کہاکہ نورپورشاہاں کو پیپلز پارٹی نے ماڈل ویلج قرار دیاتھا اور نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھالیکن عمران خان کی سپریم کورٹ میں رِٹ نے اِس سکیم کو متاثر کیا،اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں لوگ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے استحصالی اور کھوکھلے وعدوں کے خلاف ووٹ دیں گے ۔ 30 نومبر کو اہلیانِ نورپور شاہاں بری امام تیر کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے ،ہم اپنے علاقے کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہیں اور کامیاب ہو کر اپنے علاقے کے مسائل لوگوں کی دہلیز پر حل کریں گے۔