حکومت آئندہ ماہ سے پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کر یگی، کم آمدنی والے افراد کو فائدہ حاصل ہو گا، بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ساز کامیابی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی مظہرہے

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن رول آؤٹ 2015ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ‘ ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ ماہ پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کر رہی ہے جس سے کم آمدنی والے افراد کو براہ راست فائدہ حاصل ہو گا، بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ساز کامیابی لوگوں کا حکومت کی عوام دوست پر پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے۔

وہ ہفتہ کوکالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز پاکستان ریجنل سنٹر لاہور میں’’ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن رول آؤٹ 2015ء ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔اس موقع پر صدر سی پی ایس پی پروفیسز ظفر اﷲ چوہدری ،سینئر نائب صدر پروفیسر خالد محمود گوندل ، پروفیسر محمودایاز، پروفیسر ابرار اشرف علی، ڈاکٹر احمد عزیز قریشی، ڈاکٹر ذوالفقار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ نرسز ٹریننگ کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے تمام شعبوں بالخصوص لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مزیدتربیت ہونی چاہئے جس کیلئے صوبے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے تحت شعبہ صحت صوبوں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت آئندہ ماہ پرائم منسٹر ہیلتھ انشو رنس پروگرام شروع کر رہی ہے جس سے غریب آدمی اور کم آمدنی والے افراد کو فائدہ ہو گا،مستحق افراد پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں ڈاکٹرز کو شعبہ طب سے منسلک افراد کو درپیش مسائل کو حل کرنا صوبوں کا مسئلہ ہے اور امید ہے کہ یہ مسائل جلد حل کر لئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ شعبہ صحت کے ساتھ انسانی جانیں منسلک ہوتی ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کو ڈاکٹرز کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو نچلی سطح تک حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت کے جاری اقدامات کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایس پی کے میڈیکل کورسز کروانے سے اموات کی شرح میں کمی واقع ہو گی لہٰذا نرسنگ، پیرامیڈیکل سٹاف کے کورسز میں مزید اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ غریب ہو یا امیر تمام افراد کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور سی پی ایس پی سمیت صحت کے دیگرادارے شعبہ صحت میں بہتری لاکر حکومت کے وژن میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کے سسٹم میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ میڈیکل اداروں کومزید مضبوط اور ایسے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے جن سے شعبہ صحت میں بہتری آئے ۔اس موقع پر صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفر اﷲ نے خطبہ استقبالیہ دیا اور پروفیسر خالد محمود گوندل نے سی پی ایس پی کی کاکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دنیا بھر میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اپنا نام پیدا کر چکا ہے ۔

سی پی ایس پی امریکہ ہارٹ ایسوسی ایشن کا منظور شدہ ادارہ ہے جو ملک بھر میں 85فیصد سے زائد اسپیشلسٹ فراہم کررہا ہے ۔ سی پی ایس پی 7سالوں میں ایک ہزار سے زائد تربیتی ورکشاپس منعقد کر چکا ہے اور ان ورکشاپس میں10ہزار بی ایل ایس ، 2ہزار اے سی ایل ا یس ، 2ہزار اے ٹی ایل ایس جبکہ ایک سو سے زائد پیلس کے ڈاکٹرز کو تربیت دی جا چکی ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن ہر پانچ سال بعدجدید تحقیق کی روشنی میں نئی ترجیحات مرتب کرتا ہے ۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ملک بھر سے 150سے زائد طبی اداروں کے انسٹرکٹرز کو تربیت دی جائے گی۔