ہواوے نے انتہائی تیزی سے چارج ہونے والی بیٹری ایجاد کر لی

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:00

ہواوے نے انتہائی تیزی سے چارج ہونے والی بیٹری ایجاد کر لی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) جدید ٹیکنالوجی میں سرفہرست عالمی کمپنی ہواوئے نے حال ہی میں نہایت تیزی سے چارج ہونے والی بیٹریاں ایجاد کر لی ہیں۔ ان سوپر چارجنگ بیٹریوں کو گذشتہ دنوں جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش - 56th Battery Symposium 2015 کے دوران متعارف کروایا گیا ۔ Huawei نے اس جدید نوعیت کی دو مختلف بیٹریاں ایجاد کر لی ہیں ، جن میں ایک کی قوت 600 mAh ہے، اور دوسری بیٹری کی قوت 3000 mAh ہے ، ان دونوں بیٹریوں کی ایک خصوصی ویڈیو بھی نمائش کے دوران صارفین کو دکھائی گئی ، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 600 mAh والی بیٹری صرف 2 منٹ میں 68 فیصد چارج ہو جاتی ہے، جبکہ 3000 mAh والی بیٹری صرف پانچ منٹ میں 48 فیصد چارج ہو جاتی ہے۔

اتنی تھوڑی سی چارجنگ کے بعد یہ بیٹریاں Huawei کے موبائل فونز کو مسلسل 10 گھنٹے کی فون کالز تک چلاتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک Huawei نے یہ اعلان نہیں کیا کہ یہ سوپر چارجنگ بیٹریاں مارکیٹ میں دستیاب ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ مگر یہ بات یقینی ہے کہ یہ Lithium-ion بیٹریاں عام بیٹری کے مقابلے میں دس گنا زیادہ رفتار سے چارج ہوتی ہیں۔ صرف پانچ منٹ چارج کرنے پر یہ بیٹریاں 50 فیصد تک چارج ہو جاتی ہیں۔

یہ جدید بیٹریاں Watt لیبارٹری میں تخلیق کی گئی ہیں، جو چائنا میں قائم Huawei کے مرکزی تحقیقی ادارے کا حصہ ہے۔ تیز ترین چارجنگ کے باوجود ان بیٹریوں کی طویل المعیاد کارکردگی ، برقی روانی یا پائیداری میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ Huawei کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ؛ Huawei کو اس نئی ایجاد پر مکمل اعتماد ہے اور یہ بیٹریاں برقی آلات کی کارکردگی میں انقلابی تبدیلی لائیں گی، خصوصاً موبائل فونز ، برقی گاڑیوں، موبائل پاور سپلائی اور wearable devices میں نمایاں بہترین آئے گی۔

بہت جلد ہمارے برقی آلات کو چارج کرنے کے لئے اتنا مختصر وقت درکار ہو گا، جتنی دیر میں ہم کافی کا ایک کپ خریدتے ہیں۔تکنیکی ماہرین کے تجزیات کے مطابق، ان بیٹریوں کی مارکیٹ میں دستیابی اور وسیع پیمانے پر استعمال میں کچھ عرصہ ضرور لگ سکتا ہے، کیونکہ ان کو چارج کرنے والے آلات کا حجم کافی بڑا ہے، جو Huawei کی تیار کردہ خصوصی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

مگر اس کے باوجود ، یہ بیٹریاں جب بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوں، یہ صارفین میں یقینا فوری مقبولیت حاصل کر لیں گی، اور مارکیٹ میں ان کی طلب بہت زیادہ ہو گی۔ یہ ایک انقلابی اقدام ہو گا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ Huawei واقعی عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کا سر فہرست ادارہ ہے، اور الیکٹرانک ٹیکنالوجی کے مستقبل کو مزید روشن بنا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :