وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ برطانیہ روانہ‘ برطانوی حکام اور مختلف اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرینگے

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر برطانیہ روانہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ دورے کے دوران برطانوی حکام اور مختلف اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملیں گے۔ وزیراعلیٰ برطانوی وزراء سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف یوکے پاکستان انرجی اور انفراسٹرکچر فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لندن روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کے دوران تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے برطانوی حکام سے بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و معاشی تعلقات موجود ہیں اور میرے دورہ برطانیہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔