الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے موقع پر کراچی کے791حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر فوج کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ ،20فوجی کمپنیاں مانگ لیں

کراچی میں لائنز ایریا،لاندھی،لیاری،کھوکھرایارسمیت کئی علاقے حساس ہیں ، انتخابات کے دوران اسلحہ لائسنس معطل کیے جائیں گے ، کسی قسم کے اسلحے کے استعمال پر پابندی ہوگی،چہلم اپنی جگہ اہم ہے ، تیسرا مرحلہ5دسمبر کو ہی ہوگا، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے سندھ میں15دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے موقع پر کراچی کے791حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ قائم کرلیا۔کمیشن نے انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن رکھنے کے لیے حساس ترین مقامات پر تعیناتی کے لئے20فوجی کمپنیاں مانگ لیں ۔

ہفتے کویہاں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے میڈیا کو فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی،اجلاس میں آئی جی سندھ،چیف سیکرٹری سندھ اور ڈی آراوزسمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بابریعقوب نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی میں لائنز ایریا، لاندھی، لیاری، کھوکھرا یار سمیت کئی علاقے حساس ہیں،کراچی کے 1791 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پاک فوج کی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی،چہلم مذہبی فریضہ ہے لیکن انتخابات آئینی فریضہ ہے،چہلم اپنی جگہ اہم ہے مگر انتخابات کا تیسرا مرحلہ5دسمبر کو ہی ہوگا۔کراچی میں1791انتہائی حساس مقامات ہیں جبکہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے لئے آرمی کی20کمپنیاں مانگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے فوج طلبی کی درخواست دی ہے،کچھ جگہوں سے عملے کی کمی کی بھی شکایات آرہی ہیں جن پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران اسلحہ لائسنس معطل کیے جائیں گے اور کسی قسم کے اسلحے چلانے اور ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔

کراچی کے انتہائی حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں1791انتہائی حساس مقات ہیں،انتہائی حساس مقامات میں لائنز ایریا،لانڈھی،لیاری ارو کھوکھرایارشامل ہیں۔