برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی لندن روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر گفتگو

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ ہفتہ کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کوسرکاری دورے پر برطانیہ روانہ ہو ئے،وزیراعلیٰ دورے کے دوران برطانوی حکام اور مختلف اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے،وزیراعلیٰ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ برطانوی وزراء سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف یوکے پاکستان انرجی اور انفراسٹرکچر فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لندن روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کے دوران تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے برطانوی حکام سے بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و معاشی تعلقات موجود ہیں اور میرے دورہ برطانیہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔