مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکہ، سابق امن کمیٹی کے 2 رضاکار جاں بحق، سرچ آپریشن کے دوران 2 افراد گرفتار

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:50

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء )مہمند ایجنسی، تحصیل امبار سنگر میں بارودی سرنگ دھماکہ،سابق امن کمیٹی کے 2 رضاکار جاں بحق۔ پولیٹیکل انتظامیہ اور فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن ، 2 افراد گرفتار ، پیرکے روز قومی جرگہ طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مہمند ایجنسی لوئر مہمند تحصیل امبار کے سنگر سڑہ مینہ کے سابق امن کمیٹی کے رہنماء ملک حضرت نور اور ملک محمدا گل اپنے گاؤں سے موٹر سائیکل پر دراوں بازار آرہے تھے کہ راستے میں اُن کا موٹر سائیکل بارودی سرنگ دھماکے کا شکار ہوا۔

جس کی وجہ سے ملک محمدا گل موقعہ پر جاں بحق جبکہ ملک حضرت نور کو شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ملک حضرت نور کو پولیٹیکل انتظامیہ کے بھر پور حمایتی اور علاقے کا جانا پہچانا شخصیت تھے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے فوری بعد سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ نے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا جسمیں 2 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لوئر مہمند نوید اکبر خان نے بتایا کہ ہم نے اجتماعی ذمہ داری اور امن بحال رکھنے کیلئے پیر 30 نومبر کو یکہ غنڈ میں اتمان خیل مشران کا قومی جرگہ طلب کیا گیا ہے۔ جس میں قبائلی رسم و رواج کے تحت علاقائی ذمہ داری بحث اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے پائے گی۔