وزیراعلیٰ پنجاب نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرجدید انسٹرومنٹل لینڈنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا، منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر مشیر ہوابازی اور سول ایوی ایشن حکام کو مبارکباد

علامہ اقبال ائیرپورٹ پاکستان کا پہلا اور جنوبی ایشیا کا دوسرا انٹر نیشنل ائیرپورٹ ہے جہاں جدید سسٹم لگایا گیا ہے‘ طیارے شدید دھند میں محفوظ لینڈ نگ کر سکیں گے‘ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت وقت کی بچت ہوگی، پائلٹس کو بھی طیاروں کی لینڈنگ میں آسانی ہوگی، پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا، شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر دھند میں طیاروں کی محفوظ لینڈنگ کیلئے نصب کئے جانے والے جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم سی اے ٹی ، آئی آئی آئی بی (آئی ایل ایس ) کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ نے نقاب کشائی کرکے انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کے منصوبے کا افتتاح کیا اور دعا مانگی۔

وزیراعلیٰ نے ائیرپورٹ کے رن وے پر نصب جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شہری ہوابازی شجاع عظیم نے وزیراعلیٰ کو نئے سسٹم کی خصوصیات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شجاع عظیم اور سول ایوی ایشن کے حکام کو دھند میں طیاروں کی لینڈنگ کا جدید سسٹم نصب کرنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پاکستان کا پہلا اور جنوبی ایشیا کا دوسرا انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہے جہاں یہ جدید سسٹم لگایا گیا ہے جس کے نصب ہونے سے شدید دھند میں بھی طیارے محفوظ لینڈنگ کر سکیں گے اور پروازوں کی آمد و رفت کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ کو جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹمسی اے ٹی ، آئی آئی آئی بی (آئی ایل ایس ) ے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کے افتتاح کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر جدید سسٹم کی تنصیب سے دھند یا خراب موسم میں مسافر طیاروں کی محفوظ لینڈنگ یقینی بنائی جاسکے گی۔

بلاشبہ یہ ایک اہم منصوبہ ہے جسے سول ایوی ایشن نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر خراب موسم اور دھند میں نہ صرف طیاروں کی محفوظ لینڈنگ کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ وقت کی بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن حکام نے مسافروں کی سہولت کیلئے یہ سسٹم نصب کرکے اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کے دیگر ائیرپورٹس پر بھی اس طرح کا جدید سسٹم لگایا جائے گا۔

نئے سسٹم کے افتتاح سے پائلٹس کو بھی طیاروں کی لینڈنگ میں آسانی ہوگی اور پرواز وں کی آمد و رفت بھی بروقت ہوگی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، ایم این اے پرویز ملک، مہر اشتیاق احمد، اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، میاں نصیر، خواجہ احمد حسان، سیکرٹری شہری ہوا بازی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔