بھارت سے غیر مشروط مذاکرات قوم کیلئے نا قابل قبول ہیں‘صاحبزادہ حامد رضا

نادرا میں غیر ملکیوں کی بھرتی میں ملوث ممبران اسمبلی پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے ‘ سربراہ سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:12

طلاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت سے غیر مشروط مذاکرات قوم کیلئے نا قابل قبول ہیں، نادرا میں غیر ملکیوں کی بھرتی میں ملوث ممبران اسمبلی پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے ،بنگلہ دیشی وزیر اعظم را کے ایجنٹ کا کردار ادا کررہی ہیں،بنگلہ دیش کی حکومت 1974کے معاہدہ کی خلاف ورزی کررہی ہے، پنجاب میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک برقرار ہے،پنجاب حکومت ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر سو فیصد عملدر آمد نہیں کرسکی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرس حملوں کی آڑ میں بڑی طاقتوں کے خطرناک عزائم عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت سندھ حکومت اور رینجرز کے معاملات حل کروائے۔بھارت پاکستان میں فساد پر تلا ہوا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے قومی سرمایہ تیزی سے بیرون ملک منتقل ہورہا ہے۔

تجارت پیشہ حکمرانوں نے ملک تباہ کردیا ہے۔پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل کے معاملے میں پولیس کاغذی کاروائی سے کام چلا رہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب اختیارات کا گھنٹہ گھر بن ہوئے ہیں۔ ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہاکہ اپوزیشن جماعتیں پنجاب حکومت کو بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل کرنے پر مجبور کریں۔ سیاست میں پیسے کا عمل دخل تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔موروثی سیاست نے عام آدمی کا سیاست میں داخلہ روک رکھا ہے۔مک مکا کی سیاست ملک کیلئے خطرہ ہے۔