مصرمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکار ہلاک

نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے قاہرہ کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا اورفرارہوگئے،مصری حکام

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:24

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) مصر میں سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم سے کم چار سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت قاہرہ سے 35 کلومیٹر جنوب میں سقارہ علاقے میں رونما ہوا،برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور جب وہ ایک پولیس چیک پوائنٹ پر پہنچے تو انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

تفتیش کاروں کو جائے حادثہ کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

فوری طور پرکسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔میجر جنرل خالد شلابی نے فرانسیسی خبررساں ادارے کوبتایاکہ نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے ہفتہ کو ساڑھے چار ہزار سال پرانے سٹیپ اہرام کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی ۔خیال رہے کہ مصر میں سنہ 2013 میں اسلام پسند رہنما محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کیے جانے کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔زیادہ تر یہ حملے سینا کے علاقے میں ہوئے ہیں۔ جہاں کے جنگجوؤں نے شام اور عراق میں بہت سے علاقے پر قابض دولت اسلامیہ کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر رکھا ہے۔