کراچی آپریشن مکمل امن وامان تک جاری رہنا چاہیے ،حلیم عادل شیخ

الیکشن کے روز تشددپسند عناصر ماحول کو خراب کرنے کے لیے انتشار کی کیفیت پیدا کرسکتے ہیں،رہنما مسلم لیگ (ق)

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پربدامنی کے خدشے پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے روز تشددپسند عناصر ماحول کو خراب کرنے کے لیے انتشار کی کیفیت پیدا کرسکتے ہیں ایسے میں شہری اور متعلقہ سیاسی جماعتوں کے ا میدوار اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی خبر کریں ،بلدیاتی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کا استعمال کرتے وقت صبر اوربرداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ اس ملک میں کسی بھی ترقیاتی عمل سے پہلے امن وامان کا ہونا ضروری ہے ، امن کی فضاء کے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ممکن نہیں ہے ،ماضی میں کراچی کو بدامنی اور ہڑتالوں نے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا،جس کی وجہ سے بدامنی کے ماحول میں تاجر برادری اور وعوام کے لیے جینا مشکل ہوچکاتھا اس وقت امن وامان کے لیے پوری قوم کی نظریں افواج پاکستان کی جانب سے لگی ہوئی ہیں کراچی آپریشن اور ضرب عضب کو مکمل کامیابی سے پہلے رکنا نہیں چاہیے کیونکہ اس سے قوم کا پرامن مستقبل وابستہ ہے ،پاکستان دس سال سے زیادہ کے عرصہ تک دہشت گردی کا شکار رہاہے آج ضرب عضب اور کراچی آپریشن ملکی سلامتی کی ضمانت بن چکاہے جس کے لیے عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ ضرب عضب کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے رہنما انور کشمیری اور سلطان بھٹی کے ساتھ آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کیا ،حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی خدمات ملک اور قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ہم ان تمام اداروں کی دل سے قدر کرتے ہیں جو اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر اس ملک کی حفاظت کرنے میں لگے ہوئے ہیں ،بعد ازاں انہوں نے خاتون رہنما کوثر بی بی سے بھی صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور عوامی مسائل سنیں،انہو ں نے کہا کہ ہمارا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں ہے جب ہم حکومت میں تھے تو ہمیشہ عوامی خدمت کی اور آج اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی مثبت تنقید کرنے کو اپنا حق سمجھتے ہیں ،مگر اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہونا چاہیئے کہ اس سے ہماری کسی سے کوئی عداوت ہوسکتی ہے ۔