سی ٹی او کا خواتین کی موٹر سائیکل کی کلاسز کا دورہ ،زیر تربیت خواتین کو روڈ سیفٹی بارے لیکچر بھی دیا

ڈرائیونگ سکول کے تین سیشن میں 263خواتین سمیت 350افراد کی شمولیت ،موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کرکے خواتین بھی ازخود سفری سہولیات سے استفادہ کر سکیں گی،طیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں اٹلس ہنڈا کی معاونت سے خواتین کیلئے موٹر سائیکل/سکوٹی کی کلاسزجاری ہیں۔پہلے سیشن میں 81 خواتین نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 20خواتین موٹر سائیکل سیکھ چکی ہیں جبکہ 61خواتین نے بھی نصف سے زائد مہارت حاصل کرلی ہے۔

سی ٹی او نے کہا کہ خواتین کو موٹر سائیکل /سکوٹی کی تربیت دینے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کی 7جبکہ ہنڈا کی 3ماہر خواتین اساتذہ تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15روزہ کورس میں خواتین کو روزانہ دو گھنٹے موٹر سائیکل سیکھائی جا رہی ہے ۔خواتین موٹر سائیکل کی تربیت کیلئے اپنا نام پتہ اور فون نمبر [email protected]پر میل کرکے اپنی رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر نے کلاسز کا وزٹ کیا اور زیر تربیت خواتین کو روڈ سیفٹی بارے لیکچر بھی دیاعلاوہ ازیں ڈرائیونگ سکول کے چوبیس ،پچیس اور چھبیسویں سیشن میں ڈرائیونگ کی تربیت مکمل کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی تینوں سیشن میں 263خواتین سمیت 350افراد نے ڈرائیونگ کورس مکمل کیا جنہیں سی ٹی او نے سرٹیفکیٹس اور انعامات دےئے،نیشنل سیفٹی مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع ،ایس پی ہیڈکواٹر امتیاز الرحمن اور دیگرافسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں خواتین کو انٹر نیشنل معیار کے مطابق ماہراساتذہ موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ سیکھانے،روڈسائن اورروڈ مارکنگ ، بنیادی الیکٹریکل و مکینیکل معلومات بارے ٹریننگ دے رہے ہیں۔موٹر سائیکل کی کلاسز میں شریک خواتین عائشہ اعجاز،رابعہ،عظمی ،شمائلہ،اقراء ،تانیہ،سعدیہ ،ایمان فاطمہ،حوریہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کی کارکردگی قابل تحسین ہے جہاں مردوخواتین کو انتہائی مناسب اور اچھے ماحول میں ڈرائیونگ سیکھا ئی جا رہی ہے۔