سیاسی تبدیلی اب کراچی کا مقدر بن چکی ہے،علی اکبر گجر

ماضی میں اہل کراچی کو زبان اور علاقائیت کی بنیاد پر تقسیم کرکے قومی دھارے سے الگ کرنے کی سازش کی گئی اور بھائی کوبھائی سے لڑایاگیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سیاسی تبدیلی اب کراچی کا مقدر بن چکی ہے۔ ماضی میں اہل کراچی کو زبان اور علاقائیت کی بنیاد پر تقسیم کرکے قومی دھارے سے الگ کرنے کی سازش کی گئی اور بھائی کوبھائی سے لڑایاگیا لیکن کراچی کے عوام ان سازشوں کو سمجھ چکے ہیں اور ان کے دل اب پوری قوم کے ساتھ دھڑک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مخصوص ایجنڈے کی حامل قوتوں نے اہل کراچی کوپرفریب نعروں کی بنیاد پر یرغمال بنائے رکھا اور انہیں علیحدگی اور خودمختاری کے سبق پڑھائے جاتے رہے مگر اب پرفریب نعروں کادورگزرگیاہے اورعوام کو یرغمال بنا کر سیاست کرنے کا عمل قصہ پارینہ بن چکا ہے کیونکہ شہر قائد اعظم کے باشندے جاگ گئے ہیں اور ماضی کی تمام سازشوں کو سمجھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اب کسی کی دھونس اور دھمکی میں نہیں آئیں گے اوراپنے ضمیر کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں ایسے لوگوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے جو ان کے خوابوں اورامنگوں کا سودا کرنے کی بجائے انہیں ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے۔علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کراچی میں امن کے لئے کوشاں ہے جس پر یہاں کے لوگ بہت خوش ہیں اور وزیراعظم کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ہمیں توقع ہے کہ کراچی کے عوام بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیابی دلا کر ثابت کر دیں گے کہ وہ قائد جمہوریت میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ان کی پالیسیوں پر بھرپوراعتماد کرتے ہیں۔کراچی بانی پاکستان کی جنم بھومی اور مدفون بھی ہے ،کراچی کے باشندے قائداعظم کے حقیقی جانشین قائد جمہوریت میاں نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کرکے عصبیت کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :