ایم کیوایم کے زیر اہتمام اولڈکراچی میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں خواتین کی کارنر میٹنگ کاانعقاد

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیوایم کی جانب سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ اولڈ سٹی ایریا کراچی میں خواتین کی کارنر میٹنگ کاانعقاد کیا گیا۔جس میں مارواڑی برادری کے ہمراہ سلاوٹ برادری ،کچھی برادری ، کاٹھیاواڑی برادری اور سندھوبرادری کی سینکڑوخواتین نے شرکت کی اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان ،حق پرست سینیٹر خوش بخت شجاعت اور حق پرست رکن صوبائی اسمبلی دلاور نے کارنرمیٹنگ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کو ایم کیو ایم سے چھین کر کسی اور کے حوالے کرنے کی سازشیں کی جارہی ہے شہر کے مختلف علاقوں میں بلدیاتی سرگرمیوں میں مصروف بیگناہ کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں کو گرفتار کیا جارہاہے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کراچی کا امن خراب کروا کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نیکہاکہ شہرکراچی اور اس کے عوام کی امیدوں کا واحد مرکز جناب الطاف حسین ہیں اور جناب الطاف حسین کے بغیر شہر کراچی کی ترقی و خوشحالی کا خواب دیکھنے والے دراصل خوش فہمی میں مبتلا ہیں اور ان قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں جو عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔ ایم کیو ایم خواتین کے حقوق غصب نہیں ہونے دے گی،ایم کیو ایم نے ہمیشہ خواتین کو برابری کا مقام دیا ہے اور تعلیم یافتہ خواتین کو میر ٹ کی بنیاد پر ملک کے اعلیٰ ایوانوں میں بھیجا ہے،اس موقع پرخواتین نے پرجوش اور والہانہ انداز میں ایم کیو ایم کے نمائندوں کا استقبال کیا اور قائد تحریک جناب الطاف حسین بھائی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔