غربت ،ناخواندگی ،بدعنوانی، جرائم اور انتہاپسندی کی اہم وجوہات ہیں ، ان کا مقابلہ تعلیم کو نچلی سطح تک عام کر کے کیا جاسکتا ، نئی نسل بدعنوانی اور جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہدکرے ، وسیلہ تعلیم پروگرام کی سخت مانیٹرنگ کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت توانائی کے مسئلہ اور ملک کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے

صدر مملکت ممنون حسین کا پرائم منسٹر وسیلہ تعلیم پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:23

ٹھٹھہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ غربت اور ناخواندگی بدعنوانی، جرائم اور انتہاپسندی کی اہم وجوہات ہیں اور ان کا مقابلہ تعلیم کو نچلی سطح تک عام کر کے کیا جاسکتا ہے تاکہ آنے والی نسل کو اس قابل بنایا جاسکے کہ وہ بدعنوانی اور جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہدکریں، وفاقی حکومت بشمول توانائی کے مسئلہ اور ملک کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں مکلی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے پرائم منسٹر وسیلہ تعلیم پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس پروگرام کے لئے عورت فاونڈیشن، حکومت برطانیہ اور دیگر غیر ملکی ڈونرز ایجنسیوں کا تعاون حاصل ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام ملک میں تعلیم کے فروع کے لئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے جو ملک سے بدعنوانی، لاقانونیت اور دیگر برائیاں ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے پرائمری سطح پر بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے جامع حکمت عملی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصاً بچیوں کو تعلیم دینے سے ملک کی تیز رفتار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کی سخت مانیٹرنگ کی بھی ضرورت ہے تاکہ پروگرام سے ملنے والا وظیفہ مستحق بچوں کو مل سکے اور وہ مستقبل میں نہ صرف اس قابل ہو جائیں کہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں بلکہ دوسرے ضرورت مندوں کی بھی مدد کرسکیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے بحیثیت چیئر پرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کو ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے بھی متحرک کر رہی ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت بشمول توانائی کے مسئلہ اور ملک کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت نے کئی منصوبے شروع کئے ہیں جس میں کوئلہ، گیس، ونڈ، شمسی اور توانائی کے دیگر منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے 2018ء سے پہلے لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب اور لاقونیت کے خلاف کراچی میں شروع کیا گیا آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے تعلیم کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے پر برطانیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اور چیئر پرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی اور معاشی استحکام کی طرف گامزن ہیں۔ ماروی میمن نے کہا کہ حکومت نے عوام کی سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کے لئے کئی بڑے منصوبے شروع کئے اور ان منصوبوں کی تکیمل سے عوام کی زندگیوں میں بہتر تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم بچوں کے لئے ضروری ہے اور حکومت نچلی سطح پر تعلیم کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے خواتین اہم کردار ادا کر سکتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لئے اسکول بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حصول کے لئے وسیلہ تعلیم پروگرام سے مالی معاونت حاصل رہے گی۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بجٹ 40 بلین سے بڑھاکر 102 بلین کرنے پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سینیٹر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے زریعے کئی پروگرامز شروع کئے گئے ہیں جس کی تکمیل سے لوگوں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ ان کی سماجی و اقتصادی حالت حالت بہتر ہو۔

ماروی میمن نے کہا کہ پرائم منسٹر وسیلہ تعلیم پروگرام حکومت برطانیہ اور دیگر غیر ملکی ڈونرز ایجنسیوں کی مدد سے ابتدائی طور پر ملک کے 32 اضلاع میں شروع کیا گیا ہے اور صوبے کی مددسے اس کو ملک کے دیگر اضلاغ تک پھیلایا جائے گا۔ اس موقع پر برطانیہ کے ہائی کمشنر بارٹن نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :