پولیو جیسی موذی مرض کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے ،سیف اﷲ چٹھہ

خاتمے کے لئے موثر اقدامات اٹھانا ناضروری ہے ، چیف سیکرٹری بلوچستان

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:28

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء ) چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ نے کہا ہے کہ پولیو جیسی موذی مرض کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے اور اس کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات اٹھانا ناضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دسمبر میں ہونے والی پولیو مہم کے تیاریوں کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری تعلیم عبد ا لصبور کاکڑ، سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ اورمختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ز، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندے بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دنیا بھرمیں پولیو کا وائرس تین ملکوں میں پایا جاتا ہے اور بدقسمتی سے پاکستان بھی ان ملکوں میں شامل ہے اور اس وائرس کا موجود ہونا ہمارے ملک کیلئے بین الاقومی سطح پر شرمندگی کا باعث ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ صوبے سے اس مہلک بیماری کا خاتمہ اشد ضروری ہے کیونکہ اس کے شکار ہونے والے بچے مستقل طور پر معذور ہوتے ہیں اور بچے ہمارا مستقبل ہے ہم اپنے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگائیں گے اور ہم نے دن رات ایک کر کے ملک اور اپنے بچوں کی خدمت کرینگے۔ انہوں نے اجلاس کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم میں ہر ٹیم کے ساتھ سرکاری ملازم اور خاتون کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی لاپرواہی بر داشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور پولیو ٹیموں کی سیکورٹی بہتر بنائی جائے اور پولیس اور لیویزکے علاوہ اگر ایف سی کی ضرورت پڑی تو اُن کو بھی تعینات کیا جائے اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنر ز نے اپنے اپنے ضلعوں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفننگ دی ۔ جس پر چیف سیکرٹری نے اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو موثر اور بہتر بنایا جائے تاکہ اس مہلک بیماری کو صوبے سے ہر حال میں ختم کریں ۔

متعلقہ عنوان :