بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی رہنماؤں کو پھانسی انصاف کا عدالتی قتل ہے،نور حسین ارکانی

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) روہنگیا سالیڈرٹی آرگنائزیشن پاکستان کے نمائندے خصوصی نور حسین ارکانی نے بنگلہ دیش کی بھارت نواز شیخ حسینہ واجد حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سیکریٹری جنرل 67سالہ علی احسن مجاہد اور بنگلہ دیش نیشلسٹ پارٹی کے رہنما 66سالہ صلاح الدین قادر چودھری کو پھانسی کی سزا دیئے جانے کی سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے اسے عدالتی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ایماء پر بنگلہ دیش کی حکومت نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر جو ظلم ڈھائے ہیں اس نے نازیوں کے ظلم کو بھی شرمادیا ہے۔

(جاری ہے)

نور حسین ارکانی نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت اسلام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور حسینہ واجد بھارت کی کٹھ پتلی حکومت کا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماؤں کو پاکستان سے وفاداری اور محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ آر ایس او اس کے خلاف سخت مذمت اور احتجاج بلند کرے گی اور بنگلہ دیش کی ظالم حکومت کے خلاف پوری قوت کے ساتھ احتجاج بلند کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور اسلامی ممالک جماعت اسلامی بنگلہ دیش پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں اور بنگلہ دیش کا معاشی اور سوشل بائیکاٹ کیا جائے۔