5 ویں چیف آف دی نیول سٹاف گالف چیمپئین شپ کا دوسرا دن، محمد رحمان کی برتری برقرار

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:59

لاہور۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 نومبر۔2015ء)پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف گالف چیمپیئن شپ27سے 29نومبر تک رائل پام گالف کورس میں کھیلی جارہی ہے جس میں ملک کے ممتازکھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کموڈور ایس ایم شہزاد (ستارہ امتیاز ملٹری) اسٹیشن کمانڈر ( نیوی)لاہوراس ایونٹ کے آرگنائزر ہیں۔لاہور میں جاری پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف گالف چیمپئین شپ کے آغازکے دوسرے روز 159 سے زیادہ کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے ہوئے ، کھیل میں محمد رحمان (رائل پام لاہور) 144 گراس سکور کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے جبکہ ذوہیب آصف اور غضنفر محمود کا 150 کے گراس سکورکے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرا نمبر رہا، آج اتوار کو فائنل راؤنڈ ہو گا اور 6 سٹروک کی برتری کے باوجود اُمید کی جاتی ہے کہ مقابلہ بہت سخت ہو گا،کیونکہ غضنفر محمود ایک مایہ ناز کھلاڑی ہیں اور ایسی صورتحال میں نہایت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کموڈور ایس ایم شہزاد اسٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاہور نے دوسرے دن بھی شاندار کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کو مبارک باد پیش کی۔ سینئرز میں دوسرے روز9 ہولز کا کھیل ہوا جس میں عمران احمد (رایا گالف کلب) نے گراس74اسکور کے ساتھ ٹاپ کیا اور طارق محمود نے76گراس اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور کرنل محمد شفیع نے80گراس اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔اِس کے ساتھ لیڈیز اور جونیئرکیٹیگریز کے میچز بھی ہوئے جسکا نتیجہ فائنل ڈے آج اتوار کو آئے گا۔