قوم کے مسیحا خلوص اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکرعوام کی خدمت کریں‘ پیرا میڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،بلوچستان میں صحت اور تعلیم میں بہتری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ،صوبائی وزیر اطلاعات قانون پارلیمانی امور عبدالرحیم زیارتوال

ہفتہ 28 نومبر 2015 23:01

کوئٹہ۔28 نومبر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 نومبر۔2015ء ) قوم کے مسیحا خلوص اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکرعوام کی خدمت کریں‘ پیرا میڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،بلوچستان میں صحت اور تعلیم میں بہتری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں صوبائی حکومت کو ملازمین سمیت غریب طبقے کا احساس ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات قانون پارلیمانی امور عبدالرحیم زیارتوال نے سول ہسپتال کوئٹہ کے آڈیٹوریم میں پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے حلف برداری کے سلسلے میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف کے مرکزی صدرمحمد یوسف چوہدری، مرکزی جنرل سیکرٹری شاہد خان خٹک سمیت دیگر صوبوں کے قائدین اور ڈپٹی مئیرکوئٹہ میر یونس زہری سمیت مختلف مکتبہ فکر افراد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے حلف برداری کی تقریب کے دوران نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دی اور کہاکہ ملازمین کے مسائل کا احساس ہے جو جو جائز مطالبات ہیں اسے صوبائی کابینہ کی مشاورت سے حل کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ سروس اسٹرکچر کی مکمل منظوری کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت موجودہ صوبائی حکومت کا نصب العین ہے ،عوام کوتعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ اوربولان میڈیکل ہسپتال سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے فرائض تندہی سے ادا کریں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کردار اداکریں انہوں نے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو پہلے بھی حل کیا ہے اور اب بھی حل کریں گے انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں اور ہر دکھ بالخصوص ایمرجنسی اور بم دھماکوں کے دوران اپنے گھروں کو جانے کے بجائے رسک لے کر ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں اور عوام کو طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے مسیحا ہسپتالوں میں بھی اسی طرح مریضوں کے ساتھ پیش آئیں جس طرح وہ کلینکوں میں خندہ پیشانی سے پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کو مراکز صحت میں پیرا میڈکس طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔