کینیڈین ملکہ حسن عالمی مقابلہ حسن میں شرکت سے محروم

عالمی مقابلہ حسن 19 دسمبر کو سانیا میں سمندر کے کنارے ایک سیاحتی مقام پر ہوگا

اتوار 29 نومبر 2015 11:21

کینیڈین ملکہ حسن عالمی مقابلہ حسن میں شرکت سے محروم

ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء)عالمی مقابلہ حسن میں شرکت کے لیے کینیڈا سے تعلق رکھنے والی حسینہ کا کہنا ہے کہ انہیں ہانگ کانگ سے چین کے شہر جانے کے لیے طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا گیا جہاں اِس سال کی مِس ورلڈ کی تقریب منعقد ہونی ہے۔چین میں پیدا ہونے والی 25 سالہ انستازیا لِن کا کہنا ہے کہ انہیں مس ورلڈ کے مقابلے میں شرکت کا دعوت نامہ نہیں دیا گیا جس کا مطلب ہے کہ وہ ویزا کے لیے درخواست نہیں دے سکتی ۔

(جاری ہے)

اجازت نہ ملنے پر مِس لن نے ہانگ کانگ کے راستے چین کے شہر سانیا جانے کی کوشش کی کیونکہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو وہاں سے ویزا لگوانے کی اجازت ہے۔لِن نے الزام لگایا ہے کہ ان پر پابندی ان کی انسانی حقوق کے لیے چلائی جانی والی مہم کے باعث لگائی گئی ہے۔ انھوں نے چین میں ’ظلم اور سینسر شپ‘ پر شدید تنقید کی تھی۔ لِن فلان گونگ کے نظریے کی پیروکار ہیں اور یہ وہ روحانی تحریک ہے جسے چین میں مسلک یا عقیدہ سمجھا جاتا ہے اور اِس پر پابندی ہے۔عالمی مقابلہ حسن 19 دسمبر کو سانیا میں سمندر کے کنارے ایک سیاحتی مقام پر ہونا ہے۔