اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی الیکشن تین مراحل میں ہوں گے ، پہلے مرحلہ میں یونین کونسل کے ممبران کا چناؤ ہوگا

اتوار 29 نومبر 2015 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء ) اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی الیکشن تین مراحل میں ہورہے ہیں، پہلے مرحلہ میں یونین کونسل کے ممبران کا چناؤ ہوگا، اسلام آباد بھر میں کل پچاس یونین کونسلز بنائی گئی ، ہر یونین کونسل تیرا ممبران پر مشتمل ہوگی، جن میں چیئر مین وائس چیئرمین ،چھ جنرل ممبرز، دو خواتین جبکہ نوجوان ، مزدور یا کسان اور غیر مسلم کی ایک ایک نشست ہوگی، تمام ممبران کا چناؤ براہ راست ہوگا، چیئرمین وائس چیئرمین مشترکہ امیدوار ہونگے جن کا بیلٹ پیپر سبز رنگ کا ہوگا، جنرل ممبرز کا سفید، خواتین کا گلابی، نوجوان کا سرمئی، کسان یا مزدور کا خاکی اور غیر مسلم کے بیلٹ پیپر کا رنگ پیلا ہوگا، چیئر مین وائس چیئرمین، نوجوان، مزدور کسان، اور غیر مسلم کی نشست کے امیدوار وں کو ہر پولنگ اسٹیشن سے ووٹ حاصل کرنا ہونگے ، جنرل ممبرز کو چناؤ ہر یونین کونسل کے چھ الگ الگ وارڈز میں ہوگا، جبکہ ہریونین کونسل میں خواتین کی 2 نشستوں کیلئے ، دو ، دو ورڈز بنائے گئے ہیں،دوسرے مرحلہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ممبران کا انتخاب ہوگا،میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کل ممبران 66ہونگے، ہر یونین کونسل سے منتخب ہونے والے چیئرمین میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ممبران ہونگے جوپہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دیگر سولہ ممبران کا چناؤ کرینگے، سولہ ممبران میں 9خواتین،ایک ٹیکنوکریٹ جبکہ غیر مسلم ، کسان یا مزدور اور نوجوان کی دو ، دو نشستیں شامل ہیں،تیسرے مرحلہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے چھیاسٹھ ممبران میئر اور تین ڈپٹی میئرز کا چناؤ کرینگے،الیکشن کمیشن کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور تمام یونین کونسل کے منتخب ممبران میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن لڑنے کے اہل ہونگے۔