نوجوانوں کی ترقی کے لئے کردار کا اعتراف

پولیو ویکسین دینے کے لئے ہر بچے تک پہنچنے کا عزم کر رکھا ہے، وزیراعظم کا کانفرنس سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 13:46

ویلیٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 نومبر۔2015ء) دولت مشترکہ یوتھ کونسل نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو انکی پاکستان اور دولت مشترکہ بھر کے نوجوان طبقہ کی ترقی کیلئے کردار کے اعتراف میں توصیفی ایوارڈ پیش کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کو یہ ایوارڈ دولت مشترکہ سربراہان مملکت اور نوجوان قائدین کے ڈائیلاگ سیشن کے دوران پیش کیا گیا۔ یوتھ کونسل دولت مشترکہ کے 53 رکن ممالک کے ایک ارب 20 کروڑ سے زائد نوجوانوں کی نمائندہ ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس بیماری کے خاتمہ کو قومی مقصد بنایا ہے۔ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور پوری قوم اس مقصد کیلئے متحد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے زیراہتمام ’’پولیو موومنٹ‘‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو دولت مشترکہ حکومتی سربراہان کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مہلک بیماری سے آئندہ نسل کو بچانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور وہ ذاتی طور پر پولیو کے خاتمہ سے متعلق نیشنل ٹاسک فورس کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو کی قومی مہم میں بہتر طور پر آگاہ والدین کی حکمت عملی، ہیلتھ ورکرز کے ہراول دستے کاپرعزم نیٹ ورک اور معاون طبی معالجین، سول سوسائٹی، مذہبی اکابرین اور میڈیا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سکیورٹی کا بہترڈھانچہ موجود ہے جو ملک بھر کے تمام بچوں تک عملی رسائی کے لئے معاونت فراہم کر رہا ہے جو ہیلتھ ورکرز کے ہراول دستے کیلئے تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہر بچے تک پہنچنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ ملک کی سطح پر پولیو مہم کے دوران کوئی بچہ انسدادپولیو ویکسین کے قطرے پیئے بغیر نہ رہے۔

انہوں نے پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ وزیراعظم نے اس بات پراطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان پولیو کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی لانے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے تقریب کا اہتمام کرنے پر دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمہ کی کوششوں میں دولت مشترکہ کے تعاون کا خواہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :