حکومت سیاحت کی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے جوائنٹ ونچر کرے ‘ سی ای او کوتھم

سیاحت ایسا شعبہ ہے جس پر انتہائی کم خرچ کر کے زراعت سے زیادہ آمدن حاصل کی جا سکتی ہے ‘ احمد شفیق

اتوار 29 نومبر 2015 13:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء)کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا ہے کہ حکومت سیاحت کی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے جوائنٹ ونچر کرے ،پاکستان کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور حکومت عوام کو ان مقامات سے روشناس کرانے کیلئے رعایتی پیکجز متعارف کرائے ۔

گزشتہ روز سیاحت کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سی ای او کوتھم احمد شفیق نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک اپنی مجموعی قومی آمدن میں اضافے کے لئے نئے سیکٹرز تلاش کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اس راہ پر چلنے کی بجائے پہلے سے موجود شعبوں میں بھی زوال پذیری کا شکار ہے ۔ پاکستان میں سیاحت ایسا شعبہ ہے جس پر انتہائی کم خرچ کر کے زراعت سے زیادہ آمدن حاصل کی جا سکتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس طرف توجہ نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک سیاحت کے شعبے سے نہ صرف اپنی مجموعی آمدن میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ اس سے دیگر شعبوں کو بھی ترقی ملنے کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ احمد شفیق نے پنجاب حکومت کی طرف سے سیاحتی بس کے دوبارہ اجراء کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید آگے بڑھ کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو اپنے ساتھ ملایا جائے ۔