موجودہ حکومت نے 3 منصوبوں میں 110 ارب روپے کی غیر معمولی بچت کی ‘ عرفان دولتانہ

فیصل آباد ، ملتان موٹر وے کی تعمیر سے ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات باآسانی کراچی پہنچائی جا سکیں گی‘ رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 29 نومبر 2015 13:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد ، ملتان موٹر وے کی تعمیر سے ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات باآسانی کراچی پہنچائی جا سکیں گی، موٹر ویز اور سڑکوں کے نیٹ ورک سے پاکستان ترقی کرے گا، گوجرہ ، شورکوٹ موٹر وے سیکشن پر لاگت کا تخمینہ 21 ارب روپے لگایا گیا تھا لیکن شفافیت اور انتہائی مسابقت کے ذریعے 4 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اور اب یہ منصوبہ 17 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 3 منصوبوں میں اسی طرح 110 ارب روپے کی بچت کی ہے جو غیر معمولی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا جال بچھنے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، مجموعی ملکی پیداوار کی شرح میں اضافہ ہوگا اور برآمدات بھی بڑھائی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے موجودہ حکومت نے 341 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جبکہ گنے اور کپاس کے کاشتکاروں کے نقصان کے ازالہ کے لئے 40 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :