لائیو سٹاک اور زراعت ایسے شعبے ہیں جن میں کام کرنے کی بہت گنجائش موجود ہے ‘ راشدہ یعقوب شیخ

ملک کی خواتین جدید علم وہنر سے آراستہ ہوں گی تو ہمارا ملک اقوام عالم میں ترقی کی منازل طے کریگا‘پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ

اتوار 29 نومبر 2015 13:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کسان پیکج سے فائدہ اٹھائیں،لائیو سٹاک اور زراعت ایسے شعبے ہیں جن میں کام کرنے کی بہت گنجائش موجود ہے ،دیہی علاقوں میں رہنے والے مرد خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور انہیں لائیو سٹاک اور زراعت میں ہونے والی ریسرچ سے فائدہ اٹھانے کے مو اقع مہیا کریں ، ملالہ کے نام پر دانش سکول بھی منسوب کیا گیا اور اسی طرح آئی ٹی کے شعبے کی کم عم ترین ماہر ارفع کریم رندھاوا سے منسوب ارفع کریم آئی ٹی ٹاور بھی کمسن ارفع کی یاد دلاتا ہے۔

خواتین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کی خوشحالی خواتین کی ترقی اور فلاح وبہبود سے جڑی ہوئی ہے اگر ہمارے ملک کی خواتین جدید علم وہنر سے آراستہ ہوں گی تو ہمارا ملک اقوام عالم میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔

(جاری ہے)

ہمیں خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ خواتین کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہو گا۔زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا جذبہ رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کرنی ہو گی اور ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ پاکستان کی خواتین زندگی کے کسی شعبے میں بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیں بلکہ تعلیمی میدان میں طالبات کی پرفارمنس ہم سب کے لیے قابل رشک اورقابل فخر ہے۔