دو روزہ امریکہ۔ پاک بزنس کانفرنس یکم دسمبر سے واشنگٹن میں شروع ہوگی

اتوار 29 نومبر 2015 14:42

واشنگٹن ۔ 29 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 نومبر۔2015ء) یوایس ایڈ کے زیر اہتمام دو روزہ امریکہ۔ پاک بزنس کانفرنس یکم دسمبر سے واشنگٹن میں شروع ہوگی جس کا مقصد پاکستان میں ماحول دوست توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یکم دسمبر سے شروع ہونے والی یہ کانفرنس واشنگٹن میں واقع، یوایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں ہوگی جس میں ماحول دوست توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے والے امریکی، بین الاقوامی اور پاکستانی ماہرین و سرمایہ کار شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں یوایس ایڈ کے افغانستان اور پاکستان کے امور کے بارے میں ایڈمنسٹریٹر کے اسسٹنٹ لیری سیمپلر، پاکستان کے پانی و بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی افتتاحی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان اور سفیر رچرڈ اولسن، پاکستان کے وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور دیگر اعلی حکام بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف توانائی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہیں۔ان کے وژن کے مطابق ملک میں توانائی کی پیداوار 2030 ء تک تقریبا دوگنا ہوجانے کا امکان ہے۔اس کانفرنس سے ملک میں ماحول دوست توانائی کی پیداوار کیلئے بیرونی سرمایہ کاری کو ترغیب ملے گی۔

متعلقہ عنوان :