مذہبی بنیاد پر بنائے جانے والے قوانین کے خاتمے کے لئے بلند ہونے والی آوازوں کو دبانے، غیرمسلموں اور کچلے ہوئے طبقات کو مذہب کے نام پر نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، کارکنوں کے خون، پسینے اور آنسوؤں سے جمہوریت قائم و دائم ہے،پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کی وجہ سے آمریت پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط نہیں کر سکی، جمہوریت کی حفاظت کرنے، جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور عوام کو خودمختار بنانے کی یہ جدوجہد جاری رہے گی

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کا پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیغام

Zeeshan Haider ذیشان حیدر اتوار 29 نومبر 2015 16:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پارٹی ایک ترقی یافتہ، جمہوری اور روشن خیال پاکستان کی تعمیر کے لئے تمام مشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاکستان کو ایک مکمل جمہوری اور فلاحی ریاست بنایا جائے گا جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام کوششیں اور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھٹوازم ایک نظریے کا نام ہے اور یومِ تاسیس اس نظریے کی تجدید کا دن ہے اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے عوام اس دن کو پورے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اس موقع پر ہم عوام کو بااختیار بنانے، خواتین کو ان کے حقوق دلوانے، اقلیتوں کو قومی سیاسی دھارے میں لانے، جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور عوام کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھٹوازم کے نظریے کی ہی بدولت ممکن ہوا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں معطل شدہ 1973ء کا متفقہ آئین بحال ہوا، قبائلی علاقوں میں سیاسی اصلاحات نافذ ہوئیں، عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لئے آہنی عزم کے ساتھ جدوجہد کا آغاز کیاگیا، غربت کے خاتمے کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا گیا، سرکاری فیکٹریوں میں ملازمین کو حصہ دار بنایا گیا اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوازم کے نظریے کا فروغ جاری رہنا چاہیے۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ مذہبی بنیاد پر بنائے جانے والے قوانین کے خاتمے کے لئے بلند ہونے والی آوازوں کو دبانے، غیرمسلموں اور کچلے ہوئے طبقات کو مذہب کے نام پر نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ کارکنوں کے خون، پسینے اور آنسوؤں سے جمہوریت قائم و دائم ہے اور پنپ رہی ہے۔ ان پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کی وجہ سے آمریت پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط نہیں کر سکی۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا بھی اظہارکیا کہ جمہوریت کی حفاظت کرنے، جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور عوام کو خودمختار بنانے کی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔