حکومت دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا ساتھ نہیں دے رہی، سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے ضرب عضب کی کامیابی ضائع ہونے کا خدشہ ہے؛ چیئرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا

کالعد م جماعتوں کے مخبر اور ہمدرد پنجاب کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں،پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ایک دوسرے کااحتساب نہ کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے؛اجلاس سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 17:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا ساتھ نہیں دے رہی۔ سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے ضرب عضب کی کامیابی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔کالعد م جماعتوں کے مخبر اور ہمدرد پنجاب کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ایک دوسرے کااحتساب نہ کرنے کا معاہدہ کررکھا ہے۔

جنوبی پنجاب میں بھی آپریشن ضرب عضب کی ضرورت ہے۔حکومت نے احتساب کے عمل روک دیا ہے۔قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام فنڈز لاہور پرخر چ کئے جارہے ہیں جس سے پسماندہ علاقوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

لوٹ کھسوٹ کا نظام ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ کرپشن کے خلاف احتساب شروع ہونے پر جمہوریت کو خطرے کا واویلا شروع کردیا جاتا ہے۔ضرب عضب کے فوجی شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ اختیارات کے بغیر ضلعی حکومتیں نمائشی ہونگی۔ سیاست کا گند صاف کئے بغیر جمہوریت ثمر آور نہیں ہوسکتی۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے۔فوج قربانیاں دے رہی ہے اور حکومت عیاشیاں کررہی ہے۔

حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کا سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے اور سول ادارے اپنے حصے کا کردار ادا نہیں کررہے۔نیشنل ایکشن پلان کے صرف ان حصوں پر عمل ہو رہا ہے جس کا تعلق پاک فوج سے ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی انشورنس پالیساں ہیں۔ بھارت برصغیرکا بھیڑیا اور مودی جلاد بن چکا ہے۔حسینہ واجد نفرت انگیز پالیسیاں ترک کریں۔