غریبوں کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا ہمارا منشور،فتح یاب ہوکر عوام کی خدمت کریں گے،پیر سید خضر مرتضیٰ گردیزی

پاکستان عوامی تحریک کے یونین کونسل بنگل والہ میں امیدوار پیرسید خضر مرتضیٰ گردیزی کی سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 29 نومبر 2015 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اور یونین کونسل بنگل والہ سے چیئرمین کے امیدوار پیر سید خضر مرتضیٰ گردیزی نے میڈیا کوارڈینیٹر راؤ امحمد عارف رضوی کے ہمراہ ملتان میں مختلف اخبارات سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیر سید خضرمرتضیٰ گردیزی نے کہا کہ ہمارا منشور غریبوں کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فتحیاب ہوکر عوام کی بھر پور خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرا لقادری کا دس نکاتی ایجنڈا ملک میں انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا اور اس کا آغاز ہم اپنی یونین کونسل سے کریں گے۔انتخابی مہم کے دوران یونین کونسل کی عوام نے ہمیں اپنی محبتوں کا مقروض کر دیا ہے یہ قرض ہم ضرور اتاریں گے۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک اب انتخابی میدان میں موجود رہے گی اور کرپٹ،رسہ گیر اور ظالم سیاستدانوں کا مقابلہ کریں گے۔

یونین کونسل بنگل والہ سے ہمیشہ منتخب ہونے والے سیاستدانوں نے اس حلقے کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،ہم ان محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔جنوبی پنجاب کے ترجمان اور میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی نے کہا کہ حکومتی امیدوار ترقیاتی کاموں کا جھانسہ دے کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں یہ پری پول رگنگ ہے الیکشن کمیشن کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔