نریندر مودی کے دورحکومت میں پورا بھارت ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا‘ پروفیسر حافظ محمد سعید

مسلمانوں کی طرح نچلی ذات کے ہندو اور دیگر اقلیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں‘ہندوانتہاپسندوں کے مقدمات ختم اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کوسازش کے تحت جیلوں میں ڈالا جارہا ہے‘اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے ہندو انتہاپسندوں کی دہشت گردی پر خاموش تماشائی نہ بنیں‘ حکومت پاکستان بھارتی دہشت گردی کو تمام عالمی فورمز پر بے نقاب کرے‘ تربیتی نشست سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو

اتوار 29 نومبر 2015 18:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے دورحکومت میں پورا بھارت ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا‘ مسلمانوں کی طرح نچلی ذات کے ہندو اور دیگر اقلیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں‘ہندوانتہاپسندوں کے مقدمات ختم اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کوسازش کے تحت جیلوں میں ڈالا جارہا ہے‘اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے ہندو انتہاپسندوں کی دہشت گردی پر خاموش تماشائی نہ بنیں‘ حکومت پاکستان بھارتی دہشت گردی کو تمام عالمی فورمز پر بے نقاب کرے۔

وہ مرکز یرموک پتوکی میں جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام کارکنان کی بڑی تربیتی نشست سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا سیف اﷲ خالد، قاری یعقوب شیخ، مولانا منظور احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بی جے پی اور نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد ایک طرف منظم منصوبہ بندی کے تحت فسادات پروان چڑھائے جارہے ہیں۔

مساجدومدارس پر حملوں اور گائے ذبیحہ کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں بہت زیادہ شدت پیداہوئی ہے تو دوسری جانب ہندو انتہاپسندی کھیل کے میدان تک پہنچ چکی ہے۔ کبھی ارجنٹائن کی ٹیم کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی پاکستانی کھلاڑیوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ارجنٹائن کی ہاکی ٹیم پر پتھراؤ جیسا کوئی واقعہ پاکستا ن میں پیش آتا تو دنیا آسمان سر پراٹھا لیتی لیکن ہندو انتہاپسندوں کی دہشت گردی کیخلاف کوئی آواز بلند کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

بیرونی قوتوں اور بین الاقوامی اداروں کو یہ دوہرا معیار ترک کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کی سرپرستی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، سیدہ آسیہ اندرابی و دیگر قائدین کو نظربند رکھا گیا ہے۔ اسی طرح ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود تحریک آزادی کشمیر بھرپور انداز میں جاری ہے ۔

پورے کشمیر میں اس وقت پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں اور بھارت اپنی تمامتر کوششوں کے باوجودکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کمزور کرنے کی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ فرقہ واریت سے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دین اسلام کو مسجد کی چار دیواری تک محدود نہیں رکھنا بلکہ اس کی روشنی کو دنیا میں پھیلانا ہے۔

اگرچہ بہت مسائل اور رکاوٹیں ہیں لیکن اﷲ کے فضل وکرم سے مخلص بندے ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہو کر دین کے غلبہ کی خاطر قربانیاں پیش کررہے ہیں جس سے دنیائے کفر پریشان ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے نظاموں کو خطرات لاحق ہیں۔ بیرونی قوتوں کو اس وقت سخت پریشانی لاحق ہے۔ انہیں پوری دنیا میں اسلام پھیلتاہوا نظر آرہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دین اسلام کی تبلیغ اور ترویج و اشاعت کا کام کرنے والوں کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نماز ، روزہ کی طرح مسلمانوں کا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہر شخص کو اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ اگر ہر مسلمان اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو آپس کے سب لڑائی جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا میں اسلام او ر کفر کی جنگ جاری ہے۔ ہم نے دنیائے کفر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ان شاء اﷲ بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد کامیاب ہو گی۔