جہانگیر خانزادہ سے کوئی اختلاف نہیں ، ہمیشہ ن لیگ کے ایم پی اے بنیں گے، پارٹی ڈسپلن اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے جنرل کونسلرز کے پاس اب بھی وقت ہے واپس آ جائیں

وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کی ہنگامی پریس کانفرنس

اتوار 29 نومبر 2015 18:14

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ جہانگیر خانزادہ سے کوئی اختلاف نہیں ، ہمیشہ ن لیگ کے ایم پی اے بنیں گے، پارٹی ڈسپلن اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے جنرل کونسلرز کے پاس اب بھی وقت ہے واپس آ جائیں۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عجیب و غریب باتیں ہو رہی ہیں ، میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جہانگیر خانزادہ اور میرے درمیان کوئی اختلافات نہیں نہ پی پی 16میں ان پر کسی کو فوقیت دی ، ہم نے یو سی غورغشتی میں جہانگیر خانزادہ کی خواہش اور فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وہاں پر دونوں اپنے گروپوں میں سے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کئے ، انہوں نے پارٹی اختلافات پر روٹھ کر الگ ہونے والے اپنے دو ممبران سے کہا کہ اب بھی وقت ہے وہ واپس آ جائیں اور اپنے اختلافات پارٹی کے اندر ہی رکھیں باہر کے لوگوں کو نہ بتائیں پھر ان کے تحفظات کو تنظیم دور کرے گی، انہوں نے کہا انکشاف کیا کہ الیکشن سے قبل نزاکت خان اور حاجی شیراز خان الگ الگ میرے پاس اسلام آباد آئے تھے ، ہم نے انہیں مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور ہم مشکور ہیں شیراز خان کے کہ وہ آزاد جیت کر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے، سینئر صحافی نثار علی خان کے اس سوال پر کہ آپ نے مونسپل کمیٹی حضرو کیلئے پریس کانفرنس میں چیئرمین ، وائس چیئرمین نامزد گی کا اعلان کیاجس کے خلاف جہانگیر خانزادہ کے پی ایس ملک انصار ، اتحاد گروپ کے نزاکت خان وغیرہ نے ملکر ن لیگی ممبران کو ساتھ ملا کر اپنے چیئرمین وائس چیئرمین کا اعلان کر دیاتو آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اختلافات نہیں جس پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر لڑنے والوں نے فارم پر لکھا اور دستخط کئے کہ وہ پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی نہیں کرینگے مگر بدقسمتی سے انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تاہم میں ملک انصار سے کہوں گا کہ اب بھی وقت ہے وہ افہام و تفہیم سے پارٹی کو نقصان سے بچائیں اور الیکشن جیت کر باہر جانے والے معاملات کو سلجھا دیں، شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ 2018کے الیکشن میں جہانگیر خانزادہ ہی امیدوار ہونگے اور تاحیات وہی ایم پی اے رہیں گے، وزیر مملکت نے کہا کہ ضلع کونسل کا چیئرمین یا وائس چیئرمین چھچھ اور کالا چٹا پہاڑ سے پار کا ہو گا تاہم اس کیلئے شہباز شریف کی زیر صدارت 11رکنی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ کس کو نامزد کرنا ہے ، کوئی اکیلا یہ فیصلہ نہیں کر سکتا،وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کی بھر پور اور واضح پریس کانفرنس پر مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ تحصیل حضرو کے آرگنائزر قاری سیٹھ نے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :