Live Updates

جس پارٹی سربراہ کی جائیدادباہرہو اسے عوام کبھی ووٹ نہ دیں، کراچی کے لوگوں میں نفرت پھیلا کر سیاست کی گئی جس کی وجہ سے روشنیوں کا شہر تاریکیوں اور خون کی ندیوں میں ڈوب گیا،کراچی پاکستان کامعاشی حب ہے،اس کوبچانا ہم سب کی ذمے داری ہے،میں یہاں نیا کراچی بنانے آیا ہوں،کرپٹ لوگوں کی یونین بنی ہوئی ہے ،سیکیورٹی ادارے جب ایک پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو سب اکھٹے ہو جاتے ہیں،شہر میں لسانی اور صوبائی تضادات پھیلانے سے پاکستان کا معاشی حب تباہ ہو گیا ، صرف دو سالوں میں کراچی کے کاروباری طبقے نے دبئی میں 430ارب روپے کی پراپرٹی خریدی جس کی وجہ سے قوم کا یہ پیسہ باہر چلا گیا،کے پی کے میں ایک سال اورمل گیاتوآئندہ الیکشن میں مہم کی ضرورت نہیں پڑیگی،تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا لیاری کے علاقے ککری گراونڈ میں جلسے سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 18:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں میں نفرت پھیلا کر سیاست کی گئی جس کی وجہ سے روشنیوں کا شہر تاریکیوں اور خون کی ندیوں میں ڈوب گیا،کراچی پاکستان کامعاشی حب ہے،اس کوبچانا ہم سب کی ذمے داری ہے،میں یہاں نیا کراچی بنانے آیا ہوں،کرپٹ لوگوں کی یونین بنی ہوئی ہے ،سیکیورٹی ادارے جب ایک پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو سب اکھٹے ہو جاتے ہیں،شہر میں لسانی اور صوبائی تضادات پھیلانے سے پاکستان کا معاشی حب تباہ ہو گیا ، صرف دو سالوں میں کراچی کے کاروباری طبقے نے دبئی میں 430ارب روپے کی پراپرٹی خریدی جس کی وجہ سے قوم کا یہ پیسہ باہر چلا گیا،کے پی کے میں ایک سال اورمل گیاتوآئندہ الیکشن میں مہم کی ضرورت نہیں پڑیگی۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو یہاں لیاری کے علاقے ککری گراونڈ میں جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔عمران خان نے کہا کہ جب نیا کراچی بنے گا تو نیا پاکستان بنے گا ‘ لیاری میں بلوچ اور کچھی برادری کو تقسیم کیاگیا ‘ جلسہ روکنے کیلئے ڈرانے کی کوشش کی گئی ‘ لیاری کے لوگ ڈرنے والے نہیں ہیں ‘ مجھے کہا گیا لیاری میں جان کو خطرہ ہے۔انھوں نے کہاکہ ‘ لیاری میں نفرتیں پھیلائی گئیں اور فائدہ کوئی اور لے گیا ‘ اپنی آنکھوں سے کراچی کو تباہ ہوتے دیکھا ‘ 2 سال میں کراچی سے 430 ارب روپے دوبئی بھیجے گئے ۔

عمران خان نے کہاکہ کراچی میں نفرت کی سیاست نہ ہوتی تو دوبئی اتنا ترقی نہ کرتا ‘ فائدہ اٹھانے کیلئے عوام کو تقسیم کیا گیا۔ جیسے کراچی پاکستان کیلئے اہم ہے اسی طرح لندن برطانیہ کیلئے اہم ہے ۔ اگر لندن میں ایسی تباہی ہو تو برطانیہ بھی بیٹھ جائیگا۔ تحریک انصاف کراچی میں لوگوں کی تقسیم کو ختم کرے گی۔ باقی جماعتوں میں بڑے ہوتے ہیں تحریک انصاف میں تو بچے بھی ہیں۔

عمران خان نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بچو والدین کو کہنا ہمارے اچھے مستقبل کیلئے 5 دسمبر کو پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔ اسلام کی بنیاد عدل و انصاف پر رکھی گئی اس لئے وہ پوری دنیا میں پھیل گیا اور لوگوں نے اسے خوش آمدید کہا۔ کراچی میں ایک منصوبے اور سازش کے تحت لوگوں میں گولیوں کی سیاست اور مار کٹائی کی گئی۔ 30 سال پہلے کراچی روشنیوں کا شہر تھا کوئی ڈر اور خوف نہیں تھا۔

کراچی کوتباہ نہ کیا جاتا تو کراچی سے سرمایہ کاری دوبئی منتقل نہ ہوتی۔ عمران خان نے کہاکہ ایک سوراخ سے مومن دو مرتبہ ڈسا نہیں جاتا ۔ آپ لوگ جن پارٹیوں کو کئی بار آزما چکے ہو اب ان کو ووٹ دینا چھوڑ دیں اور اب تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔ میں انشاء اللہ نیا کراچی اور نیا لیاری بنانے آپ کے پاس آیا ہوں جب نیا کراچی بنے گا تو ہی نیا پاکستان بنے گا۔

لیڈرز کے پاس اقتدار سے پہلے کتنے اثاثے تھے اب کتنے ہیں۔ ذرا غور کرو تو آپ کو پتا چل جائیگا کہ یہ سیاست کیو ں کرتے ہیں۔ میر پاسپورٹ پاکستانی ہے اور میرا جینا مرنا آپ لوگو ں کے ساتھ ہے۔ میرا پیسہ جائیداد سب کچھ پاکستان میں ہے۔ حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں اور جائیدادیں بنا رہے ہیں جبکہ عوام قرض کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں۔ حکمرانوں کو قرضوں کی فکر ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ لیاری میں پانی اور نکاسی آب کی سہولت نہیں ہے۔ انتظامیہ کو غیر سیاسی کریں تو ادارے خود ہی مضبوط ہو جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں ایک سال بعد ہمیں انتخابی مہم کی ضرورت نہیں رہے گی۔ خیبر پختونخواہ میں پولیس کو ٹھیک کر دیا۔ جرائم میں 60 فیصد کمی آئی ہے۔ پاکستان کو بھی اسی طرح ٹھیک کر کے ایک عظیم ملک بنائیں گے۔ آپ کے بچے پاکستان سے باہر جانے کا نہیں سوچیں گے۔

باہر سے لوگ نوکریاں لینے پاکستان آیا کریں گے۔ پہلے دوسرے ملکوں کے شہزادے تعلیم حاصل کرنے پاکستان آیا کرتے تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پی آئی اے نے سنگا پور ایئر لائن کو بنایا تھا۔ قبضہ گروپ نے باریاں لے کر ملک کو تباہ کر دیا۔ قبضہ گروپ پر ہاتھ ڈالا تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں آ گئی۔ جب کرپشن پکڑی جاتی ہے تو سب اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ یہاں کرپٹ لوگوں کی کارپوریشن بنی ہوئی ہے۔ رینجرز نے آپریشن کیا تو ایم کیو ایم اور پی پی اکٹھی ہو گئیں۔ اس کے پاس دونوں نواز شریف کے پاس پہنچ گئے اور نوا زشریف کو بھی ساتھ ملا کر رینجرز کے خلاف ہو گئے او رکہتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔ لیاری کے لوگو ں تحریک انصاف کو فتح یاب کرو تو 6 دسمر کو آپ کے پاس جشن منانے آؤں گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات