پولنگ انتظامات کا جائزہ لینے چیف الیکشن کمشنر‘ سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرینگے،تمام انتخابی عملہ اور انتظامیہ حکومت کی بجائے ریاست کیلئے کام کرے ‘شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے‘چیف الیکشن کمشنر،بلدیاتی انتخابات میں شکایات کے ازالے کیلئے الیکشن کمیشن میں کنٹرول روم قائم‘چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری نگرانی کرینگے

اتوار 29 نومبر 2015 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29نومبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان (کل) پیر کو پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کریں گے،سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔زرائع کے مطابق اسلام آباد کی 50یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں انتخابی عملے کو ان انتخابات کے لیے خصوصی تربیت بھی دی گئی۔

پولنگ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف الیکشن کمشنر شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کریں گے جس دوران وہ تمام انتخابی عمل ،سہولیات اور انتظامات سمیت عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے انتخابی عملے کے نام اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ تمام انتخابی عملہ اور انتظامیہ حکومت کی بجائے ریاست کیلئے کام کرے اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ ، شکایات وصولی اور ان کے ازالے کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو نتائج کی تکمیل تک اپنا کام جاری رکھے گا۔ الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم کنٹرول روم کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کریں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ایکشن لے کر اس کا ازالہ کیا جائے۔

کنٹرول روم میں تین مختلف ٹیمیں کام کریں گی۔شکایات کے اندراج کیلئے تین ٹیلی فون نمبرز دیے گئے ہیں جبکہ فیکس اور ای میل کے ذریعے بھی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تمام 10 ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولنگ کا عمل بروقت شروع کرائیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فوری آگاہ کیا جائے۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کاعمل صبح 7 بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گا۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے انتخابی عملے کے نام اپنے پیغام میں انہیں غیرجانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی ہے۔ ووٹرز 051-9210816 ‘ 051-9210817 اور 051-9210818 پر فون کرکے اپنی شکایت درج کرا سکیں گے۔