ڈیرہ غازی خان میں پولیس کا محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 30 نومبر 2015 11:04

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء) ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے ساتھ ملکر کی جانے والی ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کے تھانہ گدائی کی حدود میں وڈور روڈ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے اور دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔فرار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر شعیب چیمہ شامل ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے دفتر میں ہونے والے دھماکے میں خودکش حملہ آور سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات پیش آچکے ہیں جن میں اہل تشیع کی مجلس، دربار سخی سرور اور سردار ذوالفقار کھوسہ کے گھر کے سامنے ایف سی کی چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ عنوان :