اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر 7 بجے سے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے

پیر 30 نومبر 2015 11:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء ) اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر 7 بجے سے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گئے ، کئی پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ ہی نہیں پہنچ سکا ، کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔اسلام آبادماڈل کالج فار بوائز آئی 8/3وارڈ 7،8اور اسلام آباد ماڈل اسکول گولڑہ میں تاحال پولنگ شروع نہ ہوسکی جبکہ یوسی پینتالیس جھنگی سیداں میں پولنگ 50منٹ تاخیر سے شروع ہوئی، یوسی 29 میں ایک گھنٹہ تاخیر سے پولنگ کا عمل شروع ہوا۔

(جاری ہے)

شہر اقتدار کی شدید سردی میں شہریوں نے جوش و خروش کیساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا ،کئی پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز مقررہ وقت پر ووٹ ڈالنے پہنچ گئے، لیکن وہاں عملہ وقت پرنہ پہنچ سکا اورووٹر پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹ ڈالنے کے منتظرنظر آئے۔ یوسی 24کے متعدد پولنگ اسٹیشنزپرعملہ تاخیرسے پہنچا ،بری امام مسلم کالونی میں ووٹرزکی لائنیں،پولنگ شروع نہ ہوسکی، دوسری جانب اسلام آباد یوسی دومسلم کالونی بری امام میں غیر متعلقہ افراد کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی،پولیس نے ان افراد کو پولنگ بوتھ کے قریب آنے سے روکاتھا، متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کو تھوڑی دیر بعد آنے کی ہدایت کی۔