لاہور اور قصور کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن ، ایک ڈاکو ہلاک ، 5ملزمان سمیت 105مشتبہ افراد گرفتار

پیر 30 نومبر 2015 11:09

لاہور /قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء ) لاہور اور قصور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے سرچ آپریشن میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 5ملزمان سمیت 105مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا گیا ،علامہ اقبال ائیر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، غیر ملکی خاتون سے دوران تلاشی 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جو کیپسولز میں بھر کر اسمگل کی جا رہی تھی۔

پیر کو قصور پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 5 ملزمان سمیت 85 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی پی او قصور کے مطابق ضلع بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 2 اشتہاری ملزموں کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عثمان والا کے دو دیہاتوں میں بھاری نفری کے ساتھ سرچ آپریشن کیا گیا جس میں 5 مشتبہ افرادکو گرفتار کرکیاسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران ان دیہاتوں سے 80 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی اور300 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی۔پولیس کے مطابق نواں کوٹ کے علاقے میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو ناکہ لگا کر رات گئے شہریوں کو لوٹ رہے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔ ڈاکو نے بلال نامی شہری سے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھینا تو اس نے ون فائیو پر کال کر دی رات کے گشت پر موجود پولیس اہلکاروں نے ڈاکووں کا پیچھا کیا جس پر ڈاکووں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں ایک نا معلوم ڈاکو زخمی ہو گیا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا جب کہ دوسرا ڈاکو فرار ہو گیا۔

لاہور کے علامہ اقبال ائیر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، غیر ملکی خاتون سے دوران تلاشی 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جو کیپسولز میں بھر کر اسمگل کی جا رہی تھی۔لاہور میں پولیس نے شہر بھر میں سرچ آپریشن کیا اور 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق رات اور صبح کے اوقات میں لاہور کے تمام چھ ڈویژن کی پولیس نے شہر بھر میں سرچ آپریشن کیا اور متعدد مقامات پر افراد کی شناختی دستاویزات چیک کی گئیں۔ پولیس حکام کو شناختی دستاویزات فراہم نہ کر سکنے والے 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :