حکومت دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سرگودھا

پیر 30 نومبر 2015 11:42

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سرگودہا ملک عبدالرحمن نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انشاء اللہ ایک دن ہم پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے۔ پولیس نامساعد حالات کے باوجود اپنے فرائض منصبی ادا کرنے میں مصروف عمل ہے۔ اساتذہ اور والدین مل کر نسل نو کو محب وطن بنانے کا فریضہ انجام دیں۔

انھوں نے تقریری مقابلہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ہمیں ہر وقت چوکنا رہنا چاہیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ہمارا انفرادی وجود پاکستان سے وابستہ ہے۔ پاکستان سے محبت ہی پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔ بھارت ہمارا اذلی دشمن ہے، اس کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم کو ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

بچوں کی کردار سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیم و تربیت کا تعلق ایسا ہی ہے جیسے پھول اور خوشبو کا۔ آج ہمیں تقریروں کی نہیں عمل کی ضرورت ہے۔ سر عتیق الرحمن نے کہا کہ تیرہ سو طلباء و طالبات اور ایک سو اساتذہ کی شخصیت کو نکھارنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تقریری مقابلہ کا مقصد طالب علموں میں خود اعتمادی پیدا کرنا ہے۔ طالب علموں کی مخفی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے ہر سال مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے انعامات تقسیم کیے۔